
نئی دہلی، 21 اگست (ہ س)۔ مرکزی وزیر صحت اور خاندانی بہبود جے پی نڈا نے جمعہ کو ملک میں ایچ 1این ا1 انفلوئنزا کی موجودہ صورتحال اور اس سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ دہلی کے وزیر صحت ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔
اجلاس میں ملک میں انفلوئنزا کی نگرانی اور وبائی مرض کی صورتحال، انفلوئنزا جیسی بیماری اور سانس کے شدید انفیکشن کے رجحانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی ٹیسٹنگ، لیباریٹری نگرانی اور سیزنل انفلوئنزا کے مریضوں کے علاج کے لیے صحت کی سہولیات کی تیاری کا جائزہ لیا گیا۔
مرکزی وزیر صحت نے افسران کو مسلسل مستعدی برقرار رکھنے، نگرانی کے مضبوط نظام کو یقینی بنانے اور فعال طور پر تیار رہنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے انفلوئنزا کے رجحانات کی مسلسل نگرانی کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
میٹنگ میں خاص طور پر دہلی کی صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اسپتالوں میں دستیاب بستروں ، انتہائی نگہداشت کی سہولیات اور ضروری ادویات اور دیگر طبی سامان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔حکومت نے اسپتالوں اور صحت کے اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ موسمی انفلوئنزا کی صورتحال پر گہری نظر رکھتے ہوئے ضروری تیاریوں کو برقرار رکھیں۔
مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے کہا کہ اس انفلوئنزا سے بچاو¿ کے لیے عوامی بیداری بڑھانا اور احتیاطی تدابیر اپنانا ضروری ہے۔ انہوں نے لوگوں پر سانس سے متعلق صفائی کو برقرار رکھنے اور باقاعدگی سے اپنے ہاتھ دھونے پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں میں طویل عرصے سے یا سانس سے متعلق شدید علامات ہیں، سانس لینے میں دشواری یا دیگر انتباہی علامات نظر آ رہی ہیں، انہیں بلا تاخیر طبی صلاح لینی چاہیے۔
وزیر صحت نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایچ 1این 1سمیت ملک میں موسمی انفلوئنزا کی صورتحال پر مسلسل اور گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ وزارت صحت ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں، اسپتالوں، لیبارٹریوں اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ تال میل کر رہی ہے۔ وزارت کی توجہ موثر نگرانی، انفیکشن کا جلد پتہ لگانے، بروقت علاج اور موسمی انفلوئنزا کے معاملات سے مو¿ثر طریقے سے نمٹنے کے لیے صحت کی خدمات کی فعال تیاری پر ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد