
نئی دہلی، 21 اگست (ہ س)۔
دہلی کی راؤز ایونیو عدالت نے دہلی کے دوا گھوٹالے کے ملزم راجیو رنگیلا کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ خصوصی جج ودیا پرکاش نے قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر 25 اگست کو فیصلہ سنانے کا حکم دیا۔
سماعت کے دوران اینٹی کرپشن برانچ (اے سی بی) کی جانب سے پیش ہوئے وکیل کمار سنجے نے قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ مزید تفتیش کے لیے ملزم کی ضرورت ہے اور اس کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ بھی جاری کیا جا چکا ہے۔ اسے مفرور قرار دینے کے لیے ضروری کارروائی ابھی زیر التوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رنگیلا نے زیادہ قیمتوں پر سامان فراہم کیا۔ وہ طبی آلات تیار بھی نہیں کرتا، جو ٹینڈر کی پیشگی شرط ہے۔ اے سی بی کے مطابق رنگیلا نے تقریباً 100 بینک کھاتوں میں اپنے رشتہ داروں کو رقم منتقل کی۔
اس سے قبل عدالت نے 18 اگست کو دہلی کے محکمہ صحت کے سابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وتسلا اگروال کو چار ہفتے کی عبوری ضمانت دی تھی۔ عدالت نے 17 اگست کو اس معاملے کے ملزم ڈاکٹر ونود کمار رنگا کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ دونوں ملزمان کو اینٹی کرپشن برانچ نے گرفتار کیا تھا۔ دونوں کو ادویات اور طبی آلات کی خریداری میں 700 کروڑ روپے کی مبینہ بے ضابطگی کے معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
اس معاملے میں اینٹی کرپشن برانچ نے محکمہ ویجیلنس کی شکایت پر 2 جون کو ایف آئی آر درج کی تھی۔ ایف آئی آر میں ادویات، آپریشن کے آلات اور طبی آلات کی خریداری میں تقریباً 700 کروڑ روپے کی مبینہ خرد برد کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ دہلی کے محکمہ صحت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل اور دہلی حکومت کی مرکزی پروکیورمنٹ ایجنسی نے اس مبینہ خرد برد کو انجام دیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ