
ایودھیا، 21 اگست (ہ س)۔ شری رام جنم بھومی کی تعمیراتی کمیٹی کے اجلاس کے دوسرے دن نرپیندر مشرا نے سرکٹ ہاوس میں نامہ نگاروں کو شری رام مندر کی تعمیر کے کام کی پیش رفت سے آگاہ کیا اور کہا کہ ایودھیا میں بھگوان شری رام کے عظیم الشان مندر کی تعمیر کروڑوں عقیدت مندوں کے خواب کی تکمیل ہے۔ جمعرات کو شری رام مندر ٹرسٹ کے سابق جنرل سکریٹری چمپت رائے کی طرف سے جاری کردہ خط میں ان کے نام کا ذکر کیے جانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ انہوں نے خط نہیں دیکھا ہے اور آپ لوگ تنازعہ پیدا کرانا چاہتے ہیں۔ مندر کی تعمیر میں مرکزی یا ریاستی حکومت کی رقم شامل نہیں ہے۔ اسے ٹرسٹ کے جمع کردہ فنڈز سے بنایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تقریبا 70 طے شدہ تعمیراتی کاموں میں سے تقریبا 60 کام مکمل ہو چکے ہیں۔ مکمل شدہ تعمیراتی کام شری رام جنم بھومی تیرتھ شیتر ٹرسٹ کے حوالے کیے گئے، اب دیکھ بھال ٹرسٹ کے ذریعے کی جائے گی۔ کیمپس میں بارش کے دوران پانی جمع ہونے کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے سیوریج اور نکاسی آب کے نظام کو مرکزی نالے سے جوڑنے کا کام کیا جائے گا۔ نرپیندر مشرا نے کہا کہ اب میوزیم، آڈیٹوریم اور ٹرسٹ آفس کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ میوزیم کی گیلری نمبر 7 پر تقریبا 5 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ داخلہ فیس ہوگی یا نہیں اس کا فیصلہ ٹرسٹ کرے گا۔ رام مندر ٹرسٹ کے سی ای او کی تقرری کے لیے انٹرویو کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ اس عمل میں شامل نہیں ہیں اور نہ ہی اس سے واقف ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی