
بھونیشور، 2 اگست(ہ س)۔ اوڈیشہ میں جاری سیلابی صورتحال کے باعث ریاستی حکومت نے تعلیمی سال 2026-27 کے لیے انڈر گریجویٹ(یو جی) پہلے مرحلے کے داخلہ پروگرام کے شیڈول میں اہم تبدیلیاں کر دی ہیں، تاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلبہ اور تعلیمی اداروں کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔محکمہ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نیا شیڈول ریاست کی تمام سرکاری جامعات، سرکاری، امدادی، غیر امدادی اور لائ کالجوں میں چلائے جانے والے +3 ڈگری کورسز پر نافذ ہوگا، جو اسٹوڈنٹ اکیڈمک مینجمنٹ سسٹم(ایس اے ایم ایس) کے تحت آتے ہیں۔
نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق تیسرے یا آخری سلیکشن (راؤنڈ3- میں منتخب امیدواروں کے لیے متعلقہ تعلیمی اداروں میں رپورٹ کرنے کی آخری تاریخ 5 اگست 2026 شام 5 بجے مقرر کی گئی ہے، جبکہ اداروں کو اسی روز رات 9 بجے تک داخلہ لینے والے طلبہ کا ریکارڈ ای-اسپیس پورٹل پر اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
راؤنڈ-4(ویٹنگ/اسپاٹ سلیکشن)کے تحت ویٹنگ لسٹ 8 اگست 2026 دوپہر 12 بجے ای-اسپیس اور طلبہ کے لاگ اِن پورٹل پر جاری کی جائے گی، جو 5 اگست تک دستیاب حقیقی خالی نشستوں کی بنیاد پر تیار ہوگی۔ویٹنگ لسٹ میں شامل امیدواروں کو 10 اگست صبح 11 بجے سے 11 اگست شام 4 بجے کے درمیان ضروری دستاویزات اور کامن ایپلیکیشن فارم (سی اے ایف) کے ساتھ ذاتی طور پر متعلقہ ادارے میں حاضر ہونا ہوگا۔حکومت نے واضح کیا ہے کہ امیدوار کی ذاتی موجودگی لازمی ہوگی، تاہم اگر امیدوار خود حاضر نہ ہو سکے تو درست شناختی دستاویزات کے ساتھ اس کا مجاز نمائندہ بھی رپورٹ کر سکتا ہے۔حاضر ہونے والے امیدواروں کی میرٹ لسٹ 12 اگست 2026 دوپہر 2 بجے متعلقہ اداروں کے نوٹس بورڈ اور ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی، جبکہ منتخب امیدواروں کو فون کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے بھی اطلاع دی جائے گی۔دستاویزات کی جانچ، حتمی داخلہ اور فیس جمع کرانے کا عمل اداروں کی جانب سے نیٹ بینکنگ، بینک چالان، این ای ایف ٹی یا یو پی آئی کے ذریعے آن لائن مکمل کیا جائے گا۔ داخلہ سے متعلق تمام معلومات 13 اگست صبح 10 بجے سے 14 اگست شام 5 بجے کے درمیان ای-اسپیس پورٹل پر اپ ڈیٹ کی جائیں گی۔محکمہ اعلیٰ تعلیم نے بتایا کہ داخلہ کے دوسرے مرحلے (مرحلہ-II) کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔ طلبہ کسی بھی معلومات یا رہنمائی کے لیے ای-ایڈمیشن ہیلپ لائن کے ٹول فری نمبرز 155335 یا 1800-345-6770 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan