
حیدرآباد ،02 اگست (ہ س)۔
آندھرا پردیش کے مارکاپورم ضلع کے گدلوروڈویژن کے راچَرلا بیٹ علاقے میں ایک شیرکی مشتبہ موت کے معاملے پرنائب وزیراعلی اوروزیرِجنگلات پون کلیان نے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ پون کلیان نے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ شیرکی موت کے حالات کامکمل جائزہ لیاجائے اوریہ معلوم کیاجائے کہ موت قدرتی وجوہات سے ہوئی یا اس میں شکاریوں یا کسی غیرقانونی سرگرمی کا ہاتھ ہے۔
نائب وزیراعلی نے جنگلی حیات کے قوانین کے مطابق شیرکا پوسٹ مارٹم کرانے کی ہدایت دی ہے۔اس کے علاوہ موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے ضروری فارنیسک ٹیسٹ بھی کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔ محکمہ جنگلات کے حکام کو جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کرنے اورتحقیقات کے لیے تمام ضروری شواہد جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔حکام یہ بھی جانچ کریں گے کہ شیرکے جسم پر کسی قسم کے زخم،زہرخورانی یادیگرایسے شواہد توموجود نہیں جوانسانی مداخلت کی جانب اشارہ کرتے ہوں۔
پون کلیان نے جنگلی حیات کے تحفظ کی اہمیت پرزوردیتے ہوئے حکام کو ہدایت دی کہ معاملے کی شفاف اورجامع تحقیقات کی جائیں تاکہ شیرکی موت کی اصل وجہ سامنے آسکے۔ پوسٹ مارٹم، فارنیسک جانچ اورفیلڈ انویسٹی گیشن کی رپورٹس کی بنیاد پرمزید کارروائی کی جائے گی۔ اگرتحقیقات میں غیرقانونی شکاریاکسی دوسری غیرقانونی سرگرمی کے شواہد ملے تو ذمہ دارافراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق