
کولکاتا، 2 اگست (ہ س)۔مغربی بنگال میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد ترنمول کانگریس کے کئی رہنماو¿ں نے ممتا بنرجی کا ساتھ چھوڑ دیا ہے۔ کئی رہنما ریتبرتا بنرجی کے کیمپ میں شامل ہو گئے ہیں، جبکہ پارٹی کے 20 ممبران پارلیمنٹ این سی پی آئی میں شامل ہو گئے ہیں۔ ان میں کئی سابق وزرا بھی شامل ہیں۔ اب خواتین اور بچوں کی ترقی کے سابق وزیر اور شیام پوکر کے سابق ایم ایل اے ششی پنجا کے بارے میں بھی سیاسی قیاس آرائیاں تیزہوگئی ہیں۔ قیاس آرائیوں نے اس وقت مزید زور پکڑا جب اتوار کی صبح کاکولی گھوش دستیدار کے بیٹے بیدیا ناتھ گھوش دستیدار نے سوشل میڈیا پر یہ دعوی کرتے ہوئے پوسٹ کیا کہ ششی پنجا بہت جلد ترنمول چھوڑنے والے ہیں۔ تاہم انہوں نے کچھ دیر بعد پوسٹ کو ڈیلیٹ کر دیا۔
سنیچر کو ششی پنجا ممتا بنرجی کی کالی گھاٹ رہائش گاہ سے تقریبا 800 میٹر کے فاصلے پر کاکولی گھوش دستیدار کے فرٹیلٹی کلینک پہنچے۔ کاکولی ان 20 سابق ترنمول ممبران پارلیمنٹ میں شامل ہیں جنہوں نے این سی پی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ این سی پی آئی مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کی اتحادی بھی ہے۔
این ڈی اے کی ایک حالیہ میٹنگ میں کاکولی گھوش دستیدار کو بھی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اسٹیج شیئر کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
ششی پنجا اور کاکولی گھوش دستیدار دونوں پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر رہے ہیں، حالانکہ اب وہ طب کی مشق نہیں کرتے۔ بتایا جارہا ہے کہ ہفتے کے روز دونوں رہنماو¿ں کی کلینک میں تقریبا دو گھنٹے تک ملاقات ہوئی۔ اگرچہ ششی پنجا نے کلینک جانے کی وجہ کو بس اتنا ہی قرار دیا، لیکن موجودہ سیاسی حالات اس ملاقات کے بارے میں مختلف مباحثوں کا باعث بنے ہیں۔
اس معاملے میں ششی پنجا سے رابطہ کرنے کی کوششیں کی گئیں لیکن انہوں نے نہ تو فون اٹھایا اور نہ ہی پیغام کا جواب دیا۔
قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کی امیدوار پورنیما چکرورتی نے حال ہی میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں شیام پوکر سیٹ سے ششی پنجا کو 14,633 ووٹوں سے شکست دی تھی۔ ششی کی بیٹی پوجا پنجا کولکاتا میونسپل کارپوریشن کی کونسلر رہی ہیں اور 21 جولائی کو کالی گھاٹ میں ترنمول کانگریس کے اجلاس میں بھی موجود تھیں۔ اس سے یہ قیاس آرائیاں شروع ہوئیں کہ ششی ابھی بھی ممتا بنرجی کے ساتھ ہیں، لیکن کاکولی گھوش دستیدار سے ان کی ملاقات نے ایک بار پھر سیاسی قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی