
روہتاس، 2 اگست (ہ س)۔ بہار کے روہتاس ضلع میں دہری- ڈالمیا نگر میونسپل کونسل کے ایگزیکٹیو افسر ومل کمار کو جرائم پیشوں نے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا ۔ واقعہ اورنگ آباد ضلع کے بارون تھانہ علاقے میں ہفتہ کی دیر رات پیش آیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے کر اس سے پوچھ گچھ شروع کردی جبکہ دونوں اضلاع کی پولیس مشترکہ طور پر معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔پولیس کے مطابق ایگزیکٹیو آفیسر ومل کمار ہفتہ کے روزدہری کے للن سنگھ اسپورٹنگ کلب میں منعقدہ ایک شام شہیدوں کے نام پروگرام میں شرکت کے بعد ایک سرکاری گاڑی میں پٹنہ جا رہے تھے۔ دیر رات جب ان کی گاڑی بارون تھانہ علاقے کے دھنوتی پل پر پہنچی تو انتظار کر رہے جرائم پیشوں نے ان کا پیچھا کیا۔ تھوڑی دور تک اوور ٹیک کرنے کے بعد بدمعاشوں نے ڈرائیور کی طرف پستول دکھا کر گاڑی روکنے پر مجبور کیا۔ اس کے بعد مجرموں نے ومل کمار پر لاٹھیوں اور لوہے کی سلاخوں سے حملہ کردیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے دوران ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ بعد ازاں اسے حراست میں لے لیا گیا اور واقعے کے بارے میں تفصیلی معلومات اکٹھی کرنے کے لیے پوچھ گچھ کی گئی۔مقامی لوگوں نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی جس کے بعد وہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور شدید زخمی ومل کمار کودہری کے ایک نجی اسپتال میں پہنچایا۔ ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی نازک حالت کے پیش نظر انہیں جموہر کے نارائن میڈیکل کالج اینڈ اسپتال ریفر کر دیا، لیکن راستے میں ہی ان کی موت ہوگئی ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی روہتاس کے ضلع مجسٹریٹ دیپک کمار مشرا، پولیس سپرنٹنڈنٹ روشن کمار، اورنگ آباد کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اوپیندر ناتھ ورما، سہسرام کے ایس ڈی ایم نیہا کماری اور دہری کے ایس ڈی ایم نیلیش کمار سمیت کئی سینئر افسران جائے وقوعہ پر پہنچے اور تحقیقات کی۔
روہتاس کے ضلع مجسٹریٹ دیپک کمار مشرا نے بتایا کہ ہفتہ کی رات تقریباً 10:30 بجے ایگزیکٹو افسرکے زخمی ہونے کی اطلاع ملی۔ انہیں اسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں پوسٹ مارٹم کیا گیا اور اس کے ساتھ ویڈیو گرافی بھی کی گئی۔ چونکہ یہ واقعہ اورنگ آباد ضلع کے بارون تھانہ علاقے میں پیش آیا ہے، اس لیے اورنگ آباد اور روہتاس پولیس مشترکہ طور پر معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس مختلف پہلوؤں پر غور کر رہی ہے اور مجرموں کی شناخت اور گرفتاری کی کوشش کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan