
بھونیشور، 02 اگست ( ہ س)۔
اوڈیشہ میں سیلابی پانی کم ہونے کے ساتھ ہی حالات میں بہتری آ رہی ہے، تاہم ریاست کے کئی اضلاع میں تباہی کے آثار اب بھی نمایاں ہیں۔ ریاست کے وزیر مالیات و محصولات سریش پجاری نے اتوار کو بتایا کہ ریاست کے 22 اضلاع میں 8 لاکھ سے زائد افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔
وزیر کے مطابق بالیشور، بھدرک اور جاج پور اضلاع سب سے زیادہ متاثر رہے، جبکہ پوری، جگت سنگھ پور، خردہ اور کٹک کے بعض علاقوں میں بھی سیلاب کا اثر دیکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اب راحت اور بچاو¿ کارروائیوں کے بعد نقصانات کے تخمینے اور بازآبادکاری پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔
ریاستی حکومت نے زراعت اور محصولات کے محکموں کی ٹیموں کو متاثرہ علاقوں میں سروے کے لیے تعینات کیا ہے۔ کئی اضلاع سے گھروں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ سبزیوں کی فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اس کے ساتھ ہی سیلاب سے متاثر اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز کی حالت کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ رپورٹ کی بنیاد پر مرمت اور ازسرنو تعمیر کے لیے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
ممکنہ وبائی بیماریوں کے خطرے کے پیش نظر پنچایتی راج، صحت اور رہائش و شہری ترقی کے محکموں نے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر سینیٹائزیشن اور جراثیم کش مہم شروع کر دی ہے۔
آبی وسائل کے محکمے کو نقصان زدہ پشتوں (تٹ بندوں) کی فوری مرمت کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ آئندہ سیلاب کے خطرے کو کم کیا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی نے تمام محکمہ جاتی وزراء کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ