مینڈھر میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں اسکول، رہائشی مکانات منہدم
جموں، 02 اگست (ہ س)۔ ضلع پونچھ کے سب ڈویژن مینڈھر کے گاؤں سروتی جبران میں شدید لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ایک اسکول اورکئی رہائشی مکانات منہدم ہو گئے، جبکہ متعدد دیگر گھروں میں دراڑیں پڑنے سے پوری بستی خطرے کی زد میں آگئی ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق
Slide


جموں، 02 اگست (ہ س)۔

ضلع پونچھ کے سب ڈویژن مینڈھر کے گاؤں سروتی جبران میں شدید لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ایک اسکول اورکئی رہائشی مکانات منہدم ہو گئے، جبکہ متعدد دیگر گھروں میں دراڑیں پڑنے سے پوری بستی خطرے کی زد میں آگئی ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ چند روزسے علاقے میں زمین آہستہ آہستہ سرک رہی تھی، تاہم اتوار کو صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔ زمین کے مسلسل کھسکنے کے باعث کئی مکانات گر گئے جبکہ باقی گھروں میں بھی دراڑیں نمودار ہونے لگی ہیں، جس سے مزید نقصان کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث لوگ شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں اور اپنی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے فکر مند ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو مزید مکانات بھی منہدم ہو سکتے ہیں۔

مقامی باشندوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقے کا فوری سروے کرایا جائے، ماہرین کی ٹیم موقع پر بھیجی جائے اور خطرے سے دوچار خاندانوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔انہوں نے مینڈھر کے عوامی نمائندوں اور سیاسی رہنماؤں سے بھی اپیل کی کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے آگے آئیں اور ان کی بازآبادکاری کے لیے فوری اقدامات کو یقینی بنائیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande