نشہ سے پاک ہندوستان کے لیے کی جا رہی وزیراعظم مودی کی کوششیں قابلِ ستائش: جل شکتی وزیر
لکھنؤ، 2 اگست (ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے اتوار کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ’’نشہ سے پاک نوجوان-ترقی یافتہ ہندوستان عزم مہم‘‘ کی براہ راست نشریات دارالحکومت لکھنؤ میں دیکھی گئی۔ وزارت برائے سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات، حکومتِ ہند ک
پی ایم مودی کے نشہ سے پاک نوجوان-ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کی مہم کی براہ راست نشریات دیکھتے ہوئے۔


لکھنؤ، 2 اگست (ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے اتوار کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ’’نشہ سے پاک نوجوان-ترقی یافتہ ہندوستان عزم مہم‘‘ کی براہ راست نشریات دارالحکومت لکھنؤ میں دیکھی گئی۔ وزارت برائے سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات، حکومتِ ہند کی سرپرستی میں شروع کی گئی اس ملک گیر مہم میں برہما کماریز سمیت 125 سے زائد روحانی اور سماجی تنظیمیں شامل ہیں۔ مہم کا مقصد نوجوانوں کو نشے سے پاک کر کے صحت مند، بااختیار اور بااخلاق شہری بنانا ہے، تاکہ سال 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کو شرمندۂ تعبیر کیا جا سکے۔

لکھنؤ میں اس قومی آغاز کی براہ راست نشریات برہما کماریز گلزار اپون، سلطان پور روڈ پر واقع احاطے میں بڑی ایل ای ڈی اسکرین پر کی گئی۔ پروگرام میں لکھنؤ کے متعدد نامور ڈگری کالجوں اور یونیورسٹیوں سے آئے ہوئے طلبہ و طالبات، اساتذہ، پرنسپلوں اور انتظامی نمائندوں نے پرجوش شرکت کی۔

وزیراعظم نے اپنے متاثر کن خطاب میں کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کا خواب تبھی پورا ہوگا جب ملک کا نوجوان صحت مند، پرعتماد اور نشہ سے پاک ہوگا۔ انہوں نے نشہ سے پاکی کو صرف ایک سرکاری پروگرام نہ مان کر ہر عام و خاص کی مہم بنانے کی اپیل کی۔

انہوں نے بتایا کہ اس مہم کا آغاز کاشی میں ایک پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر ہوا تھا، جو آج ایک قومی عوامی تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ اس مہم میں ’میرا یووا بھارت‘ کے رضا کار، ملک بھر کے اسکولوں اور ڈگری کالجوں کے طلبہ و طالبات نیز 125 سے زائد روحانی اور سماجی تنظیمیں فعال طور پر جڑی ہوئی ہیں۔

وزیراعظم کے متاثر کن خطاب کے بعد شمع روشن کر کے پروگرام کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔ برہما کماریز گومتی نگر کی ڈائریکٹر راج یوگنی بی کے رادھا دیدی نے تمام مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سب سے بہترین صورتِ حال یہ ہے کہ انسان کسی بھی قسم کے نشے کی عادت سے دور رہے۔ اگر کوئی شخص کسی وجہ سے نشے کا شکار ہو جائے تو اسے سب سے زیادہ ضرورت سہارے، محبت اور صحیح سمت دکھانے والوں کی ہوتی ہے۔ برہما کماریز تنظیم سالہا سال سے راج یوگ میڈیٹیشن کے ذریعے لوگوں کے ذہنوں کو مضبوط بنا کر انہیں نشے کی عادت سے نجات دلانے اور محبت، امن، خوشی اور مثبت زندگی گزارنے کا فن سکھانے کا کام کر رہی ہے۔

مہمانِ خصوصی جل شکتی کے وزیر سوتنتر دیو سنگھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ زندگی کے خالی پن کو نشے سے نہیں، بلکہ خدمت، کامیابی اور علم کے نشے سے بھرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک یوگی انسان عام حالات میں رہتے ہوئے بھی بلند افکار اور بہترین اعمال کی زندگی گزارتا ہے تو وہ اپنی زندگی کو عظیم بنا سکتا ہے، جبکہ نشے کی عادت ایک خوشحال خاندان، روشن کیریئر اور آنے والی نسلوں کے مستقبل تک کو برباد کر سکتی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے ذریعے نشہ سے پاک ہندوستان کے لیے کی جا رہی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے تمام نوجوانوں سے اس عوامی مہم سے جڑنے کی اپیل کی۔

پروگرام کے دوران نیشنل اسکول آف ڈراما (این ایس ڈی) اور ’میرا یوا بھارت‘ کے رضاکاروں کی طرف سے پیش کردہ متاثر کن اسٹریٹ پلے (نکڑ ناٹک) کی نشریات بھی کی گئی، جس میں نشے کے برے نتائج، خاندان پر اس کے تباہ کن اثرات اور اجتماعی عزم و قوتِ ارادی سے نشے پر فتح حاصل کرنے کا بااثر پیغام دیا گیا۔

آخر میں ڈاکٹر بھوپیندر نے موجود تمام طلبہ و طالبات، اساتذہ اور مہمانوں کو عمر بھر کسی بھی قسم کا نشہ نہ کرنے اور دوسروں کو بھی نشہ سے پاک زندگی اپنانے کے لیے ترغیب دینے کا اجتماعی عہد دلایا۔ اس کے بعد تمام لوگوں میں پرساد تقسیم کیا گیا اور پروگرام کا اختتام ہوا۔

اس موقع پر برہما کماریز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تنظیم راج یوگ میڈیٹیشن، روحانی بیداری، قدروں پر مبنی طرزِ زندگی اور شخصیت کی تعمیر پر مبنی پروگراموں کے ذریعے اسکولوں، ڈگری کالجوں، سرکاری اداروں، صنعتی اداروں اور سماج کے مختلف طبقات تک اس مہم کو عوامی تحریک بنانے کے لیے مسلسل کام کرتی رہے گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande