
جموں, 02 اگست (ہ س)۔ جموں و کشمیر پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے ضلع کٹھوعہ کے ایک مبینہ منشیات فروش کو پی آئی ٹی-این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت نظر بند کر دیا، جبکہ ریاسی، سانبہ اور راجوری اضلاع میں کارروائیوں کے دوران سات دیگر منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ہیروئن اور گانجہ برآمد کیا گیا۔پولیس کے مطابق ضلع کٹھوعہ کے گاؤں جگت پور کے رہائشی محمد یاسر کو لکھن پور سے حراست میں لے کر جموں کی کوٹ بھلوال سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ محمد یاسر کے خلاف گزشتہ سال منشیات فروشی سے متعلق تین مقدمات درج کیے گئے تھے۔ اس کی مسلسل سرگرمیوں کے پیش نظر پولیس نے اس کے خلاف ڈوزیئر تیار کر کے ڈویژنل کمشنر جموں کو بھیجا، جس کے بعد پی آئی ٹی-این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت نظر بندی کے احکامات جاری کیے گئے۔
ریاسی ضلع میں پولیس نے کٹرا کے یوگ آشرم کے قریب کارروائی کرتے ہوئے واسو ملہوترا، روہت سنگھ، سشیل شرما اور وشال سنگھ کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے 2.7 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
سانبہ ضلع کے وجے پور علاقے میں پولیس نے اتوار کو اکشے کمار کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 40 گرام ہیروئن برآمد کی، جبکہ رام گڑھ میں ناکہ چیکنگ کے دوران ونود کمار سکنہ اکھنور کی گاڑی سے 30.42 گرام ہیروئن ضبط کر کے اسے بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ادھر ضلع راجوری کے نوشہرہ علاقے میں پولیس نے انوار حسین کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے دو کلو گرام گانجہ برآمد کیا۔
پولیس نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر