
نئی دہلی،02اگست(ہ س)۔ سری لنکا کے خلاف آئندہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ فٹنس مسائل کے باعث پوری ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی کے سینٹر آف ایکسیلنس (سی اوای)، بنگلورو میں ہونے والے طبی معائنے کے دوران بمراہ مکمل طور پر فٹ قرار نہیں دیے گئے۔رپورٹ کے مطابق بمراہ کے بائیں گھٹنے میں دوبارہ درد اور تکلیف محسوس ہوئی، جس کے بعد بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے واضح کیا کہ انہیں جلد بازی میں میدان میں اتارنا مناسب نہیں ہوگا۔ ٹیم مینجمنٹ اور بورڈ نے ان کی مکمل صحت یابی کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مستقبل کے اہم ٹورنامنٹس کے لیے وہ مکمل طور پر تیار رہیں۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے آخری مرحلے کے دوران بمراہ کے بائیں گھٹنے کی تکلیف دوبارہ سامنے آئی تھی۔ بعد ازاں بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے انہیں خصوصی انجیکشن لینے کا مشورہ دیا، جو انہوں نے گزشتہ ماہ لگوایا، تاہم اس سے مطلوبہ حد تک بہتری نہیں آ سکی۔ابتدائی منصوبہ یہ تھا کہ انہیں کولمبو میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ تک فٹ کر لیا جائے، لیکن طبی ماہرین نے کسی بھی قسم کا خطرہ مول لینے سے انکار کر دیا ہے۔
بمراہ کی عدم موجودگی میں بھارتی تیز گیند بازی کا انحصار اب محمد سراج، پرسدھ کرشنا اور گرنور برار پر ہوگا، جبکہ سلیکشن کمیٹی جلد ہی بمراہ کے متبادل کھلاڑی کا اعلان بھی کر سکتی ہے۔رپورٹس کے مطابق 29 سالہ فاسٹ بولر عاقب نبی بمراہ کے متبادل کے طور پر سب سے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔ جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے عاقب نبی حال ہی میں انڈیا اے کے ساتھ سری لنکا کے دورے پر گئے تھے، جہاں انہوں نے دو میچوں میں چھ وکٹیں حاصل کر کے سلیکٹرز کو متاثر کیا۔ وہ افغانستان کے خلاف واحد ٹیسٹ سے قبل بھارتی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔
بی سی سی آئی کے ایک ذریعے نے بتایا کہ ماضی میں کئی کھلاڑی جلد بازی میں واپسی کے باعث دوبارہ انجری کا شکار ہوئے، اس لیے بمراہ کے معاملے میں ایسی غلطی نہیں دہرائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق رواں سال ایشین گیمز، نیوزی لینڈ کا دورہ اور آئندہ سال بارڈر-گاوسکر ٹرافی جیسے اہم مقابلے شیڈول ہیں، اس لیے بمراہ کی مکمل فٹنس کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
بھارت اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 15 سے 19 اگست تک گالے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 23 سے 27 اگست تک کولمبو کے ایس ایس سی گراؤنڈ میں ہوگا۔یہ دونوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہیں، اور ایسے میں بمراہ کی غیر موجودگی بھارتی ٹیم کے لیے بڑا نقصان تصور کی جا رہی ہے، کیونکہ وہ بیرون ملک کنڈیشنز میں بھارت کے سب سے مؤثر اور قابل اعتماد فاسٹ بولرز میں شمار ہوتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan