
حیدرآباد ،2 اگست (ہ س)۔
سکندرآباد بونال تہوارکے موقع پرعوام کی بڑی تعداد کومنظم اورمحفوظ اندازمیں سنبھالنے کےلیے مہانکالی پولیس اسٹیشن میں پہلی بارمصنوعی ذہانت(اےآئی )پرمبنیکلاؤڈ مینجمنٹ سسٹم” قائم کیاگیا ہے۔ حیدرآباد کے پولیس کمشنروی سی سجنار،آئی پی ایس نے اس جدید نظام کامعائنہ کیااورمتعلقہ افسران سے اس کی کارکردگی اوراستعمال کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ اس اے آئی سسٹم کے ذریعے مندراوراطراف کے علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں سے موصول ہونے والی تصاویر کا تجزیہ کیا جاتا ہے،جس کی مدد سے ہجوم کی کثافت، غیرمعمولی نقل وحرکت، بھیڑبڑھنے والے مقامات اور ممکنہ حفاظتی خدشات کی بروقت نشاندہی ممکن ہوتی ہے۔ اس کے ذریعے پولیس کنٹرول روم کو فوری الرٹس موصول ہوتے ہیں، جس سے ہجوم کو منظم کرنے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل سی پی (کرائمز) سرینواسلو، سکندرآباد زون ڈی سی پی رکشیتا کرشن مورتی، ٹاسک فورس ڈی سی پی ویبھو گائیکواڑ رگھوناتھ، سی سی ایس ڈی سی پی چیتنیہ کمار سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود تھے۔ حیدرآباد پولیس کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بونال تہوار کے دوران لاکھوں عقیدت مندوں کی حفاظت، ہجوم پرمؤثرنگرانی اورقانون ونظم کومزید مضبوط بنایاجاسکے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق