
نئی دہلی، 2 اگست(ہ س)۔ ہندوستان کی مایہ ناز بیڈمنٹن کھلاڑی اور اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو نے 17 سالہ تنوی شرما کو تائپے اوپن سپر-300 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا خواتین کا سنگلز خطاب جیتنے پر مبارکباد دی۔ سندھو نے کہا کہ یہ صرف شروعات ہے اور محنت کرتے رہیں۔ مجھے آپ پر فخر ہے۔
تنوی شرما نے اتوار کو تائی پے اوپن سپر-300 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے خواتین کے سنگلز فائنل میں ویتنام کی تھوئے لن نگوین کو21-16, 21-16 سے شکست دے کر اپنے کیریئر کا پہلا بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور خطاب جیتا۔ یہ ان کے کیریئر کی اب تک کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔
نوجوان کھلاڑی کو مبارک باد دیتے ہوئے پی وی سندھو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر لکھا، مجھے اس لڑکی پر بے حد فخر ہے۔ میں کئی سالوں سے کہہ رہی ہوں کہ تنوی میں ایک بہت ہی خاص کھلاڑی ہونے کی تمام خوبیاں ہیں۔ زبردست شاٹس کھیلنے کی صلاحیت اور دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کا سامنا کرنے کی ہمت، ان کے پاس سب کچھ ہے۔
سندھو نے مزید کہا کہ انہیں صرف تھوڑی زیادہ مستقل مزاجی اور تجربے کی ضرورت تھی اور یہ دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے کہ اب ان کے کھیل میں یہ سب کچھ دکھائی دے رہا ہے۔ تنوی، یہ صرف شروعات ہے۔ محنت کرتے رہیں، اپنے آپ پر یقین رکھیں اور ہمیشہ بہتر ہونے کی امید قائم رکھیں۔ آپ جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ ہندوستانی بیڈمنٹن کا مستقبل بہت روشن ہے۔ مجھے آپ پر بہت فخر ہے۔
اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) نے نوجوان تنوی کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہندوستانی بیڈمنٹن کا مستقبل روشن ہے۔ اتھارٹی نے سوشل میڈیا 'ایکس'پر لکھا،17 سالہ بے خوف تنوی شرماکو اب کوئی نہیں روک سکتا۔ تاریخ اب تنوی شرما کے نام ہے۔ تائپے اوپن 2026 میں شاندار جیت کے ساتھ، تنوی اس ٹورنامنٹ کی تاریخ کی سب سے کم عمر چیمپئن اور بی ڈبلیو ایف سپر 300 + خطاب جیتنے والی چوتھی ہندوستانی خواتین سنگل کھلاڑی بن گئی ہیں۔
اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا نے مزید کہا کہ ایک ریکارڈ توڑ جیت، ایک چیمپئن کی سوچ اور ایک بہت ہی خاص آغاز۔ ہندوستانی بیڈمنٹن کا مستقبل پہلے سے کہیں زیادہ روشن ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی