
پٹنہ، 2 اگست (ہ س)۔ بہار کے روہتاس ضلع میں دہری میونسپل کونسل کے ایگزیکٹیو افسر(ای او) ومل کمار کے قتل کے معاملہ کا پولیس نے انکشاف کر لیا ہے۔ تحقیقات میں ان کے سرکاری ڈرائیور متھلیش کمار کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے ملزم ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے، اور اس نے دوران تفتیش قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔مگدھ علاقے کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) وکاس ویبھو نے اتوار کے روز میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی تفتیش اور پوچھ گچھ کے دوران ڈرائیور نے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔ ان کے بیان کی بنیاد پر پولیس نے واقعے میں استعمال ہونے والی لوہے کی راڈ بھی برآمد کر لی ہے۔آئی جی کے مطابق ڈرائیور نےگاڑی میں رکھےٹائر کھولنے والی لوہے کی راڈ سے ومل کمار کے سر پر حملہ کیا۔ دوران تفتیش اس نے انکشاف کیا کہ ڈیوٹی کے طویل اوقات اور کام کے مسلسل دباؤ کی وجہ سے وہ ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔ واقعہ کے دن بھی اس نے شام کے بعد پٹنہ جانے سے انکار کر دیا تھا اور کھانا بھی نہیں کھایا تھا لیکن ایگزیکٹیو افسر نے اسے ڈانٹا اور سفر جاری رکھنے کو کہا۔ملزم ڈرائیور کے مطابق دیر رات اس نے بارون تھانہ علاقے میں بارون-داؤد نگر-پٹنہ کینال روڈ پر لاکھ ڈیہرا گاؤں کے قریب گاڑی کو پیشاب کرنے کے لیے روکا۔ اس دوران اسے ڈانٹ بھی پڑی جس سے وہ مشتعل ہوگیا۔ غصے میں اس نے گاڑی کے پچھلے حصے میں رکھا ہوا ٹائر کھولنے والی سریا کو اٹھایا اور پہلے گاڑی کو مارا۔ اس کے بعد جب ایگزیکٹیو افسرگاڑی سے باہر نکلا تو ان کے سر پر کئی بار حملہ کیا ۔ وہ شدید زخموں سے نیچے گرا اور موقع پر ہی موت ہوگئی ۔
آئی جی وکاس ویبھو نے بتایا کہ ملزم نے قتل کے بعد ثبوت مٹانے کے لیے لوہے کی راڈ کو نہر میں پھینکنے کا اعتراف کیا۔ اس کے مقام پر غوطہ خوروں کی مدد سے راڈ برآمد کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزم متھلیش کمار کاؤکھوچ گاؤں کا رہنے والا ہے اور دہری کے موہن بیگھہ میں کرائے کے مکان میں رہتا ہے۔ معاملے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور پولیس ضروری قانونی کارروائی کر رہی ہے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan