
للت پور، 27 جولائی (ہ س)۔ اتر پردیش کے للت پور ضلع کے جاکھلون تھانہ علاقے میں دھورا ریلوے اسٹیشن کے قریب پیر کو ٹرین کی زد میں آکر ایک خاتون اور اس کے دو بچے ہلاک ہوگئے۔ ایک بچی بچ گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریلوے کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور تحقیقات کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ واقعے کے بعد انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) نے معاملے کا نوٹس لیا اور چوکی کے انچارج ونے کمار کو فوری طور پر معطل کر دیا۔
صدر سرکل آفیسر (سی او) اجے کمار نے بتایا کہ پیر کی صبح تقریباً 8:30 بجے جاکھلون پولیس اسٹیشن کے علاقے میں دھورا ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک خاتون، اس کی بیٹی اور بیٹا نامعلوم ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔ خاتون کی شناخت دیپا یادو (35)، اس کی بیٹی شیوانگی (5) اور بیٹے کرش (2) کے طور پر ہوئی ہے۔
تحقیقات میں پتہ چلا کہ دھورا گاو¿ں کی رہنے والی دیپا (35) کی شادی چھ سال قبل پالی تھانہ علاقے کے چندرا گاو¿ں کے رہنے والے وکی یادو سے ہوئی تھی۔ جوڑے کے تین بچے شیوانگی، شوبھانگی اور ایک چھوٹا بیٹا کرش ہیں۔ شادی کے کچھ دن بعد وہ اپنے شوہر اور تین بچوں کے ساتھ دھورا میں اپنے والدین کے گھر رہ رہی تھی۔
وکی شرابی تھا اور اکثر شراب پینے کے بعد اس کے ساتھ مار پیٹ کرتا تھا۔ اس سے تنگ آکر دیپا اپنے تین بچوں کے ساتھ دھورا اسٹیشن پہنچی اور ٹرین کے سامنے کود گئی۔ دیپا، شیوانگی اور ان کے بیٹے کرش کی موت ہو گئی، جبکہ شوبھانگی کی جان بچ گئی۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد