ہانگزو ورلڈ کپ شوٹنگ: ایشا سنگھ نے سونے کا تمغہ جیتا، منو بھاکر نے کانسے پر نشانہ لگایا
ہانگزو (چین)، 27 جولائی (ہ س)۔ ہندوستانی نشانے باز ایشا سنگھ اور منو بھاکر نے شاندار کارکردگی پیش کرتے ہوئے آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ رائفل/پستول/ شاٹ گن 2026 میں خواتین کے 25 میٹر پسٹل مقابلے میں ہندوستان کو ڈبل پوڈیم فنش دلایا۔ ایشا نے سونے کاتمغہ
Sports-Shooting-ISSF-World-Cup-Hangzhou


ہانگزو (چین)، 27 جولائی (ہ س)۔ ہندوستانی نشانے باز ایشا سنگھ اور منو بھاکر نے شاندار کارکردگی پیش کرتے ہوئے آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ رائفل/پستول/ شاٹ گن 2026 میں خواتین کے 25 میٹر پسٹل مقابلے میں ہندوستان کو ڈبل پوڈیم فنش دلایا۔ ایشا نے سونے کاتمغہ جیتا، جبکہ دو بار کی اولمپک میڈل جیتنے والی بھاکر نے ہندوستان کی کامیابی میں چار چاند لگایا۔

فائنل میں ایشا سنگھ نے شاندار نشانے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 ہٹ کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا۔ منو بھاکر نے انتہائی سخت مقابلے میں شوٹ آف جیت کر آخری مرحلے میں جگہ بنائی اور 28 ہٹ کے ساتھ کانے کا تمغہ حاصل کیا۔

اس سے قبل کوالیفکیشن راو¿نڈ میں بھی ہندوستانی ایتھلیٹوں کا غلبہ تھا۔ منو بھاکر 586-20x کے شاندار اسکور کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست رہیں، جبکہ ایشا سنگھ 585-18x کے اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے آسانی سے آٹھ رکنی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ ایشین گیمز کی سابق گولڈ میڈلسٹ راہی سرنوبت نے 582-16x اسکور کیا۔ وہیں، رینکنگ پوائنٹس (آر پی او) زمرے میں کھیل رہی سمرن پریت کور برار نے 576-20x اور ابھیدنیا اشوک پاٹل نے 573-16x کا اسکور کیا۔

سونے کا تمغہ جیتنے کے بعد ایشا سنگھ نے کہا کہ میونخ ورلڈ کپ میں عالمی ریکارڈ کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتنے کے بعد اس مقابلے میں ذہنی دباو¿ بہت زیادہ تھا لیکن وہ اس چیلنج پر قابو پانے میں کامیاب رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہانگزو ہمیشہ ان کے لیے خاص رہے گا، کیونکہ انہوں نے وہاں ایشین گیمز میں چار تمغے جیتے تھے اور رینج سے ان کی واقفیت نے انہیں فائدہ پہنچایا۔

منو بھاکر نے کہا کہ یہ کانسے کا تمغہ ان کے لیے انتہائی اہم ہے، کیونکہ اس سے انھیں یہ سمجھنے میں مدد ملے گی کہ ان کی تیاریاں درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ اس مقابلے کا تجربہ ان کے لیے آنے والے عالمی چیمپئن شپ اور ایشین گیمز جیسے بڑے مقابلوں میں بہت کارآمد ثابت ہوگا۔

قابل ذکر ہے کہ 21 سالہ ایشا سنگھ نے اس سال میونخ میں آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ کے فائنل میں 43 ہٹس کے ساتھ سینئر اور جونیئر ،دونوں زمروں میں سونے کا تمغہ جیت کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ دریں اثنا، منو بھاکر نے 2024 کے پیرس اولمپکس میں دو تمغے جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔وہ ایک ہی اولمپکس میں دو تمغے جیتنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بن گئیں۔ اب، ہانگزو ورلڈ کپ میں، دونوں ہندوستانی نشانے بازوں نے متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کی تمغہ مہم کو مزید مضبوط کیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande