
نئی دہلی، 27 جولائی (ہ س)۔ ڈفرینٹلی ایبلڈ کرکٹ کونسل آف انڈیا (ڈی سی سی آئی) نے انگلینڈ کے خلاف مکسڈ ڈس ایبلٹی کرکٹ سیریز کے لیے 16 رکنی ہندوستانی ٹیم کا اعلان کردیاہے۔
سات میچوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز 5 اگست سے 19 اگست تک انگلینڈ کے مختلف مقامات پر کھیلی جائے گی۔ جموں و کشمیر کے ماجد آہ مگرے کو ٹیم کا کپتان جبکہ تمل ناڈو کے سائی آکاش سیوامنی کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
ہندوستان اپنی مہم کا آغاز 5 اگست کو ڈربی کے ایورکپ کاو¿نٹی گراو¿نڈ میں پہلے ٹی20آئی میچ سے کرے گا۔ دوسرا میچ اسی گراونڈ میں 7 اگست کو کھیلا جائے گا۔ تیسرا میچ 9 اگست کو لیسٹر کے اپٹن اسٹیل گریس روڈ پر کھیلا جائے گا۔ چوتھا میچ 12 اگست کو ہوو کے کاونٹی گراونڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ پانچواں اور چھٹا میچ 15 اور 16 اگست کو ارونڈیل میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا آخری اور ساتواں میچ 19 اگست کو تاریخی لارڈز کرکٹ گراونڈ میں کھیلا جائے گا۔ تمام میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2:30 بجے شروع ہوں گے۔
ڈی سی سی آئی کے سکریٹری روی کانت چوہان نے کہا کہ ماجد مگرے کی بطور کپتان تقرری نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ پوری معذور کرکٹ برادری کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ان کی کپتانی خطے کے نوجوان کھلاڑیوں کو متاثر کرے گی۔
ڈی سی سی آئی کے نائب صدر سمت جین نے ٹیم اور معاون عملے کو نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ہندوستانی ٹیم اپنی کارکردگی سے ملک بھر کے معذور کرکٹرز کے لیے ایک تحریک بنے گی۔
ہندوستانی ٹیم اس وقت نئی دہلی کے چاولہ، دوارکا میں ایک خصوصی تربیتی کیمپ میں مشق کر رہی ہے۔ راجستھان رنجی کے سابق کپتان روہت جھلانی ہیڈ کوچ ہوں گے۔ ان کی مدد دیو دت بطور کوچ، روہت شرما بطور فیلڈنگ کوچ، رام سوروپ سینی اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ اور مینک پشکر بطور فزیو تھراپسٹ کردار اداکریں گے۔
ہندوستانی ٹیم:
ماجد آہ مگرے (کپتان)، سائی آکاش سیوامنی (نائب کپتان)، رضوان الطاف بھٹ، ہلال احمد وانی، سدرسن النگوون، کلدیپ سنگھ، ترون، راجیش ارپا کنور، شیوا شنکرا گنتیگاناپلی سبارایاپا، یشونت نائیڈوکھوری، وِیویک کمار،ارجن راجیش گاورے، رویندر گوپی ناتھ سانتے، یوگیندر سنگھ بھدوریا، ورشانت سندیپ گنجال اور جیش پرمار۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی