
نئی دہلی، 27 جولائی (ہ س)۔ نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے پیر کو اپنی رہائش گاہ پر 2026 دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستان کا پہلا تمغہ جیتنے والے پیرا پاور لفٹر جھنڈو کمار کو اعزاز سے نوازا۔ وزیر کھیل نے انہیں 10 لاکھ روپے کا نقد انعام پیش کیا۔ پیرا پاور لفٹر نے گلاسگو میں مردوں کے ہیوی ویٹ پیرا پاور لفٹنگ ایونٹ میں 190 کلو گرام کی بہترین لفٹنگ کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔
اعزازی تقریب کے بعد پیرا پاور لفٹر کمار نے کہا کہ وہ اتوار کی رات دیر گئے دہلی پہنچے اور اترتے ہی انہیں پیغام ملا کہ وزیر کھیل ان سے ملنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا”کھیل -کود کے وزیر مانڈویا نے اسکاٹ لینڈ میں میرے تجربے کے بارے میں پوچھا اور مجھے ایشین پیرا گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے کی ترغیب دی۔ میں ملک کا نام روشن کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔“
بہار کے نالندہ ضلع کے ہرنوت قصبہ سے تعلق رکھنے والے جھنڈو کمار کا سفر کافی چیلنجنگ رہا ہے۔ اپنے خاندان کی کفالت کے لیے وہ کبھی سبزیاں بیچتے اور کبھی ای رکشہ چلاتے۔ جون 2023 میں، چیف پیرا کوچ راجندر راہلو نے انہیں گاندھی نگر میں اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (سائی ) کے نیشنل سینٹر آف ایکسی لینس میں تربیت کے لیے منتخب کیا، جس کے بعد ان کا کریئر شروع ہوا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی انہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ان کی کامیابی پر مبارکباد دی۔اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ جھنڈو کمار نے دولت مشترکہ کھیلوں میں کانسے کا تمغہ جیت کر ہندوستان کا تمغہ کھاتہ کھول دیا ہے اور ان کی کارکردگی ہمت، عزم اور برسوں کی محنت کی علامت ہے۔
وزیر اعظم کے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے پیرا پاور لفٹر نے کہا، ”جب وزیر اعظم نے میری کامیابی کے بارے میں پوسٹ کیا تو میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے۔ گلاسگو میں دوسرے ممالک کے ایتھلیٹس نے بھی کہا کہ کسی بھی ملک کے وزیر اعظم کے لیے کانسے کا تمغہ جیتنے والے کو ایسا پیغام دینا بڑی بات ہے، اس سے مجھے بہت فخر ہوا۔ تمغہ جیتنے کے بعد سے مسلسل مبارکبادوں کے سبب میں ٹھیک سے سو بھی نہیں سکا ہوں۔ میرا خیال ہے کہ کھلاڑیوں کی اس طرح کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے ہندوستانی کھیل مسلسل نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔
اس سے قبل کھیلو انڈیا پیرا گیمز میں 29 سالہ جھنڈو کمار نے2024 میں چاندی اور 2025 میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ اب ان کا اگلا ہدف جاپان کے ایچی ناگویا میں 18 سے 24 اکتوبر 2026 تک ہونے والے ایشین پیرا گیمز ہیں۔
انہوں نے کہا، ”ملک کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے یہ حمایت کھلاڑیوں کے حوصلے کو کئی گنا بڑھاتی ہے۔ میں کچھ وقت کے لیے اپنے گھر والوں سے ملنے گھر جاو¿ں گا اور پھر گاندھی نگر واپس آ کر ایشین پیرا گیمز کی تیاری شروع کروں گا۔ چینی کھلاڑی مضبوط حریف ہیں، لیکن میں ہندوستان کے لیے تمغہ جیتنے کی پوری کوشش کروں گا۔“
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد