
نئی دہلی، 27 جولائی (ہ س)۔ 20 جولائی کو جنتر منتر پر سی جے پی کی قیادت میں طلباءکے احتجاج کے دوران پولیس کی کارروائی کے لئے وزیر داخلہ امت شاہ سے جوابدہی کا مطالبہ کے لئے اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے آج صبح پارلیمنٹ کے مکر دوار پر احتجاج کیا۔احتجاج کی قیادت کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کی۔
اس دوران ارکان پارلیمنٹ نے مرکزی حکومت اور وزیرداخلہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ اپوزیشن نے کہا کہ وزیر داخلہ طلباءپر ہونے والے ظلم کے براہ راست ذمہ دار ہیں اور اس معاملے کو پارلیمنٹ میں زور و شور سے اٹھایا جائے گا۔ اس سے پہلے راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے دفتر میں انڈیا اتحاد کے لیڈروں کی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں راہل گاندھی، کھڑگے، پرمود تیواری، سید نصیر حسین، کے سی وینوگوپال، گورو گوگوئی، جئے رام رمیش سمیت کئی لیڈر موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طلبہ کا مسئلہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مسلسل اٹھایا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ 20 جولائی کو سی جے پی کی قیادت میں طلباءنے پارلیمنٹ تک مارچ کیا۔ احتجاج کے دوران پولیس نے لاٹھی چارج، آنسو گیس کے گولے اور مبینہ طور پر پیلٹ گنز کا استعمال کیا۔ جھڑپوں میں 100 سے زائد طلباءاور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ اس کے بعد سے اپوزیشن مسلسل طلبہ کی حمایت میں کھڑی ہے اور مرکزی حکومت اور وزیرداخلہ سے طلبا پر مظالم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی