لوک سبھا اسپیکر، مرکزی وزیر داخلہ اور دیگر قائدین نے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے یوم وفات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا
نئی دہلی، 27 جولائی (ہ س)۔ ہندوستان کے سابق صدرجمہوریہ، عظیم سائنسدان اور بھارت رتن ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے یوم وفات پر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزیر داخلہ اور کوآپریٹو امت شاہ، مرکزی وزراءاور مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے خراج عقیدت
کلام


نئی دہلی، 27 جولائی (ہ س)۔ ہندوستان کے سابق صدرجمہوریہ، عظیم سائنسدان اور بھارت رتن ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے یوم وفات پر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزیر داخلہ اور کوآپریٹو امت شاہ، مرکزی وزراءاور مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے خراج عقیدت پیش کیا۔ سبھی نے ڈاکٹر کلام کی سائنسی اور قومی خدمات اور نوجوانوں میں تعلیمی تحریک پیدا کرنے والی شخصیت کو یاد کرتے ہوئے انہیں قوم کی عظیم شخصیت قرار دیا۔

لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ ڈاکٹر کلام ایک ترقی یافتہ، خود انحصار اور مضبوط ہندوستان کے حامی اورداعی تھے۔ انہوں نے دیسی میزائل اور خلائی پروگراموں کو نئی بلندیوں تک پہنچایا اور علم، نظم و ضبط، سادگی اور قوم کی خدمت کو اپنی زندگی کا مشن بنایا۔ انہوں نے ڈاکٹر کلام کے مشہور قول کا حوالہ دیا، خواب وہ نہیں ہوتے جو نیند میں آتے ہیں، بلکہ وہ ہوتے ہیں جو آپ کو سونے نہیں دیتے، اور کہا کہ یہ آج بھی نوجوانوں کو اپنے مقاصد کے لیے وقف رہنے کی ترغیب دیتا ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ اور کوآپریٹو امت شاہ نے ڈاکٹر کلام کو ہندوستان کے خلائی اور میزائل پروگراموں کا معمار قرار دیتے ہوئے کہا کہ سائنس میں ان کی غیر معمولی کامیابیوں نے ایک مضبوط اسٹریٹجک طاقت کے طور پر ہندوستان کی ترقی کی راہ ہموار کی۔ انہوں نے کہا کہ ”عوامی صدرجمہوریہ “ کی حیثیت سے ڈاکٹر کلام ہمیشہ محب وطن لوگوں کے لیے ایک آئیکون رہیں گے۔

انہیں عوام کا صدرجمہوریہ، ہندوستان کا میزائل مین اور ایک غیر معمولی سائنسدان قرار دیتے ہوئے، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کے دیسی میزائل اور اسٹریٹجک دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں ان کا کردار تاریخی تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سادہ اور دیانت دار زندگی نسلوں کو بڑے خواب دیکھنے اور قوم کی خدمت کرنے کی ترغیب دیتی رہے گی۔

مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گڈکری نے سابق صدر اور 'میزائل مین' ڈاکٹر کلام کو ان کے یوم وفات پر خراج عقیدت پیش کیا۔ مرکزی وزیر جے پی نڈا نے کہا کہ ڈاکٹر کلام نے ہندوستان کی اسٹریٹجک اور نیوکلیئر ڈیٹرنس صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں ان کا تعاون بے مثال رہا۔ اگنی اور پرتھوی میزائل پروگراموں، ایس ایل وی-3 کی ترقی، روہنی سیٹلائٹ کے کامیاب لانچنگ اور پوکھران-II جوہری تجربات میں ان کے کلیدی کردار کو یاد کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی نوجوانوں کو ملک و قوم کی تعمیر کے لیے تحریک دیتی رہے گی۔

مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے ڈاکٹر کلام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک عظیم سائنسدان قرار دیا جنہوں نے ہندوستان کو نیوکلیئر سے مالا مال بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیالات اور نظریات نوجوان نسل کی رہنمائی کرتے رہیں گے۔ مرکزی وزیر منوہر لال نے کہا کہ قومی ترقی کے لیے وقف ڈاکٹر کلام کی زندگی ایک پڑھے لکھے، مضبوط اور شاندار ہندوستان کی تشکیل کے لیے تحریک دیتی رہے گی۔

دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ ڈاکٹر کلام نے اپنے وژن، دیسی میزائل ٹیکنالوجی اور اختراع کے ذریعے ہندوستان کو ایک نئی عالمی شناخت دی۔ ان کی سادہ زندگی اور اعلیٰ اخلاق ہمیشہ قوم کی خدمت کی ترغیب دیتی رہیں گی۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے کہا کہ ڈاکٹر کلام نے ہندوستان کو ایٹمی طاقت کے طور پر قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ سائنس، تعلیم اور قوم کی تعمیر میں ان کی خدمات ہمیشہ ناقابل فراموش رہیں گی۔

راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے ڈاکٹر کلام کو علم، سائنس اور اختراع کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاکھوں نوجوان ان کے نظریات اور خدمات سے تحریک لیتے رہیں گے۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے ڈاکٹر کلام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے طلباء میں سائنس میں دلچسپی پیدا کرنے اور تعلیم کے ذریعے ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کا خواب دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کلام ہمیشہ ایک استاد کے طور پر یاد کیاجاناچاہتے تھے اور ان کے دکھائے ہوئے راستے پر چل کر ہی ہندوستان ایک ترقی یافتہ ملک بن سکتا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande