تلنگانہ میں آئندہ ایک ہفتہ تک بارش کا سلسلہ جاری رہےگا، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا
حیدرآباد ،23 جولائی (ہ س)۔ تلنگانہ میں گزشتہ چند روز سے جاری بارشوں کے بعد ریاست بھرمیں مان سون کی سرگرمیاں مزید تیزہونے کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی)،حیدرآباد کی تازہ صورتحال کے مطابق آئندہ ایک ہفتے تک ریاست کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے
تلنگانہ میں آئندہ ایک ہفتہ تک بارش کا سلسلہ جاری ،اضلاع کیلئے ییلو الرٹ


حیدرآباد ،23 جولائی (ہ س)۔ تلنگانہ میں گزشتہ چند روز سے جاری بارشوں کے بعد ریاست بھرمیں مان سون کی سرگرمیاں مزید تیزہونے کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی)،حیدرآباد کی تازہ صورتحال کے مطابق آئندہ ایک ہفتے تک ریاست کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش، گرج چمک اور تیزہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق حیدرآباد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران آسمان زیادہ تر ابر آلود رہے گا،جبکہ شہرکے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی متوقع ہے۔اس دوران زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت تقریباً 31 ڈگری اور کم سے کم 23 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ اطلاعات کے مطابق 24 جولائی سے 29 جولائی تک تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں روزانہ کہیں نہ کہیں بارش اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ موجودہ موسمی صورتحال کی وجہ فعال مان سون ٹرف ہے، جو راجستھان کے جیسلمیر سے وسطی ہندوستان ہوتے ہوئے شمال مشرقی خلیجِ بنگال تک پھیلا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ تلنگانہ پرموجودشیئر زون شمال کی جانب منتقل ہو چکا ہے۔ ان دونوں موسمی نظاموں کے باعث ریاست میں نمی کی مسلسل آمد جاری ہے، جس سے بارش اور گرج چمک کے لیے سازگارحالات پیدا ہو رہے ہیں۔ بارش کے ساتھ ساتھ محکمۂ موسمیات نے 24 سے 29 جولائی کے دوران ریاست کے تمام اضلاع میں 30 سے40 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتارسے تیز سطحی ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔ادھر23 جولائی کے لیے محکمۂ موسمیات نے ییلوالرٹ جاری کیا ہے۔ اس دوران گرج چمک، آسمانی بجلی گرنے اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ ییلو الرٹ جن اضلاع کے لیے جاری کیا گیا ہے، ان میں حیدرآباد، رنگاریڈی، میڈچل-ملکاج گیری، عادل آباد، کمرم بھیم آصف آباد، منچریال، نظام آباد، پدپلی، جئے شنکر بھوپال پلی، ملگ، بھدرادری کوتہ گوڑم، کھمم، نلگنڈہ، سوریہ پیٹ، وقار آباد،سنگاریڈی،میدک اور کاماریڈی شامل ہیں۔ محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ گرج چمک اور آسمانی بجلی کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، کھلے میدانوں اور درختوں کے نیچے پناہ لینے سے بچیں، جبکہ تیز ہواؤں اور بارش کے دوران مکمل احتیاط اختیار کریں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande