طلبہ پر لاٹھی چارج اور پیپر لیک کے خلاف کانگریس کا احتجاج
مغربی سنگھ بھوم، 23 جولائی (ہ س)۔ نئی دہلی کے جنتر منتر پر مسابقتی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ پر پولیس کارروائی اور ملک بھر میں سامنے آئے پیپر لیک کے معاملات کے خلاف مغربی سنگھ بھوم ضلع کانگریس کمیٹی نے جمعرات کو ا
طلبہ پر لاٹھی چارج اور پیپر لیک کے خلاف کانگریس کا احتجاج


مغربی سنگھ بھوم، 23 جولائی (ہ س)۔ نئی دہلی کے جنتر منتر پر مسابقتی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ پر پولیس کارروائی اور ملک بھر میں سامنے آئے پیپر لیک کے معاملات کے خلاف مغربی سنگھ بھوم ضلع کانگریس کمیٹی نے جمعرات کو احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کانگریس رہنماؤں اور کارکنوں نے ڈپٹی کمشنر منیش کمار کے ذریعے صدرِ جمہوریہ کے نام ایک میمورنڈم پیش کرتے ہوئے طلبہ کے خلاف درج مقدمات واپس لینے، امتحانی نظام کو شفاف بنانے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

میمورنڈم پیش کرتے ہوئے کانگریس رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ حکومت طلبہ کے مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنے کے بجائے جابرانہ رویہ اختیار کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام میں پُرامن احتجاج کرنا ہر شہری کا آئینی حق ہے اور طلبہ پر طاقت کا استعمال کسی بھی صورت میں مناسب قرار نہیں دیا جا سکتا۔

ضلع کانگریس کے انچارج دھرمیندر سونکر نے کہا کہ مسلسل سامنے آ رہے پیپر لیک کے معاملات نے لاکھوں نوجوانوں کے مستقبل کو متاثر کیا ہے۔ برسوں کی محنت کے باوجود امتحانات کا تنازعات کی زد میں آ جانا امیدواروں میں شدید ذہنی دباؤ پیدا کر رہا ہے۔

ضلع کانگریس صدر رنجن بوئی پائی نے الزام لگایا کہ مسابقتی امتحانات میں بار بار ہونے والی بے ضابطگیوں کے باعث نوجوانوں کا امتحانی نظام پر اعتماد کمزور ہوا ہے۔ انہوں نے پیپر لیک کے معاملات کی غیر جانبدارانہ اور وقت مقررہ کے اندر جانچ کرانے، قصورواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے اور طلبہ پر لاٹھی چارج کے ذمہ دار پولیس افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

احتجاج کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس فورس تعینات رہی۔ موقع پر ڈیوٹی مجسٹریٹ اوپیندر کمار اور مفصل تھانہ کے انچارج ونود کمار موجود تھے۔

اس موقع پر ضلع انچارج دھرمیندر سونکر، ضلع صدر رنجن بوئی پائی، ضلع ترجمان ترشانو رائے سمیت کانگریس کے متعدد عہدیداران اور کارکنان موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande