
بھوپال، 23 جولائی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں برکت اللہ یونیورسٹی (بی یو) میں وائس چانسلر کے عہدے پر ایک بڑی انتظامی تبدیلی ہوئی ہے۔ انچارج وائس چانسلر پروفیسر وویک شرما نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ گورنر و یونیورسٹی کے چانسلر منگو بھائی پٹیل نے ان کا استعفیٰ فوری اثر سے قبول کر لیا ہے۔ ساتھ ہی، مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی ہونے تک محکمۂ اعلیٰ تعلیم کے ایڈیشنل چیف سکریٹری انوپم راجن کو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔
گورنر ہاوس (لوک بھون) کی جانب سے جمعرات کے روز جاری حکم نامے کے مطابق، پروفیسر وویک شرما نے 22 جولائی 2026 کو اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا۔ چانسلر نے اسے قبول کرتے ہوئے ان کی مدت کار سے متعلق سابقہ آرڈر منسوخ کر دیے ہیں۔ حکم نامے کے مطابق، نئی مستقل تعیناتی ہونے تک انوپم راجن اپنی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ برکت اللہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا عہدہ بھی سنبھالیں گے۔ یہ نظام اگلے حکم تک نافذ رہے گا۔
برکت اللہ یونیورسٹی میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران وائس چانسلر کے عہدے میں یہ دوسری بڑی تبدیلی ہے۔ اس سے پہلے مستقل وائس چانسلر پروفیسر ایس کے جین کے استعفے کے بعد فیکلٹی آف مینجمنٹ کے ڈپارٹمنٹل ہیڈ پروفیسر وویک شرما کو انچارج وائس چانسلر بنایا گیا تھا۔ اب ان کے استعفے کے بعد یونیورسٹی کی باگ ڈور حکومت کے سینئر افسر انوپم راجن کے سپرد کی گئی ہے۔
گورنر ہاوس نے واضح کیا ہے کہ یونیورسٹی کے انتظامی اور تعلیمی امور کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے مقصد سے یہ عبوری نظام قائم کیا گیا ہے۔ نئے مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی تک یونیورسٹی کے امور انوپم راجن کی قیادت میں انجام پائیں گے۔
گورنر ہاوس کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں پروفیسر وویک شرما کے استعفے کی وجوہات کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ انہوں نے کن حالات میں عہدہ چھوڑا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن