
جموں و کشمیر میں شدید بارش کا سلسلہ جاری
جموں، 22 جولائی (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شدید بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث کئی علاقوں میں معمولاتِ زندگی درہم برہم ہوگئے جبکہ جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر بھی مٹی کے تودے گرنے اور پتھر کھسکنے کے واقعات پیش آئے۔ محکمہ موسمیات سرینگر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع کٹھوعہ میں سب سے زیادہ 153 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
کٹھوعہ کے برمل میں 143 ملی میٹر، سانبہ میں 133 ملی میٹر، جموں شہر میں 62 ملی میٹر، کٹرا میں 58.5 ملی میٹر، گلمرگ میں 55 ملی میٹر، پونچھ میں 51 ملی میٹر، رام بن میں 49 ملی میٹر، بٹوت میں 46 ملی میٹر، راجوری میں 44 ملی میٹر جبکہ بارہمولہ میں 38 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔
شدید بارش کے نتیجے میں جموں سرینگر قومی شاہراہ کے متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کے واقعات رونما ہوئے، جس سے ٹریفک کی نقل و حرکت متاثر ہوئی۔ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کی ٹیمیں متاثرہ مقامات پر ملبہ ہٹانے اور شاہراہ کو بحال کرنے میں مصروف ہیں۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو بالخصوص لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں میں احتیاط برتنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ مسافروں کو بھی موسم بہتر ہونے اور شاہراہ مکمل طور پر بحال ہونے تک غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر