
فرخ آباد، 22 جولائی (ہ س)۔ اترپردیش میں فرخ آباد ضلع کے مو دروازہ تھانہ علاقے میں سی پی انٹرنیشنل پبلک اسکول کے عملے پر کئی طلباءکے ساتھ بے دردی سے مارپیٹ کاالزام ہے۔
اسٹیشن ہاوس آفیسر عجب سنگھ نے بتایا کہ یہ اسکول بی جے پی لیڈر متھلیش اگروال کا ہے۔ منگل کی دیر رات اسکول کے ہاسٹل میں اچانک بجلی چلی جانے پر کچھ بچے شور مچا رہے تھے۔ وارڈنز نے طلباء کو مارا پیٹا جس کے نتیجے میں تقریباً 60 طلبا زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کئی طلبہ کے اہل خانہ رات گئے اسکول پہنچے۔ طلباء کے ساتھ ہونے والے ظلم کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمی بچوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا۔
اسٹیشن ہاوس آفیسر نے بتایا کہ طلبہ کے بیانات قلمبند کر لیے گئے ہیں۔ ایک ملازم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ جو بھی حقائق سامنے آئیں گے اس کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی