
ہاسن (کرناٹک) ، 20 جولائی (ہ س)۔ سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا کی اہلیہ چننما دیوگوڑا کی آخری رسومات آج پورے ریاستی اعزاز کے ساتھ کرناٹک کے ہاسن ضلع کے ہولےنرسی پور تعلقہ میں ہردنہلی کے قریب کیتن ہلی کے بٹادا رنگناتھ سوامی مندر کے دامن میں ادا کی جائیں گی۔ ہفتہ کوان کا انتقال ہوگیا تھا۔ ان کی لاش کو آخری رسومات کے لیے ایچ ڈی ریونا کی ہولینرسی پور میں رہائش گاہ پر رکھا گیا ہے۔ لواحقین ، عزیز و اقارب ، سیاسی رہنما اور عام لوگوں کی بڑی تعداد ان کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور لواحقین نے آخری رسومات کے لیے تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ بٹادا رنگناتھ سوامی مندر کے دامن میں ایک بڑا خیمہ لگایا گیا ہے، جس میں تقریباً 30,000 لوگوں کے بیٹھنے کا انتظام ہے۔ عوام اور معزز مہمانوں کی سہولت کے لیے ضروری بنیادی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
دوپہر 2 بجے کے بعد مذہبی رسومات شروع ہوں گی۔آخری رسومات بنگلور کے جے پی نگر میں کنکاگیری سری لکشمی نارائن سوامی مندر کے چیف پجاری کنن سوامی کی قیادت میں ادا کی جائیں گی۔ میت کو 3 بجے کے بعد سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری وداعی دی جائے گی اور آخری رسومات4:30 بجے تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چنمما دیوے گوڑا ایک طویل عرصے سے ہولینرسی پور کے علاقے میں مقیم تھیں اور آس پاس کے دیہاتوں کے لوگوں کے ساتھ قریبی تعلقات تھے جن میں ہالی کوٹ ، مٹیگے ہیری ہلی اور ہرد نہلی شامل ہیں۔ لہٰذا، احتیاط سے غور کرنے کے بعد، خاندان نے اس کی آخری رسومات کے لیے بٹادا رنگناتھ سوامی مندر کے دامن کو منتخب کیا۔ ان کے داماد اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر سی این منجوناتھ کے مطابق، مستقبل میں اس مقام پر چننما دیوے گوڑا کے لیے ایک یادگار بنانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار ، مرکزی وزراءپرہلاد جوشی ، وی سومنا ، شیوراج سنگھ چوہان ، منوہر لال کھٹر ، قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آر اشوکا ، قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر چلواڑی نارائن سوامی ، بی جے پی کے ریاستی صدر بی وائی۔ وجیندر ، ایم پی بی وائی راگھویندر اور کئی دیگر معززین آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی