
کولکاتا، 21 جولائی (ہ س)۔ مانسون ان دنوں مغربی بنگال میں پوری طرح سے سرگرم ہے۔ اس کے اثر کی وجہ سے ریاست کے بیشتر حصوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک ریاست بھر میں آسمان ابر آلود رہے گا اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق منگل کو ریاست کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سیلسیئس اور 32 ڈگری سیلسیئس کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیئسکے آس پاس رہنے کی توقع ہے۔ پیر کی شام مغربی مدنی پور ضلع کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔ کھڑگ پور اور مدنی پور شہروں میں موسلادھار بارش نے کئی مقامات پر نکاسی آب کا نظام درہم برہم کردیا جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ بنکورہ ضلع کے وشنو پور اور جھارگرام میں بھی شدید بارش ہوئی۔ مسلسل بارش سے مشرقی مدنی پور ضلع کے کئی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، نشیبی علاقوں میں پانی بھر جانے کی اطلاعات ہیں۔ منگل کی صبح سے آسمان ابر آلود ہے جس سے دن بھر مزید بارش کا امکان ہے۔
دارجلنگ، کالمپونگ، جلپائی گوڑی اور علی پور دوار کے ہمالیائی دامنی اضلاع میں مانسون کے سب سے زیادہ شدید اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے ان علاقوں میں موسلادھار سے بہت زیادہ بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
راجدھانی کولکاتا اور اس کے آس پاس کے اضلاع ہاوڑہ، ہگلی اور شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ پر بادل مسلسل منڈلا رہے ہیں۔ دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے۔ نمی کی سطح 90 فیصد سے زیادہ ہونے کی وجہ سے بارشوں کے درمیان مرطوب گرمی پڑ سکتی ہے۔ کولکاتا میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سیلسیس اور 30 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
دیگھا اور سندربن سمیت ساحلی علاقوں میں 8 سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ ان علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو رہی ہے۔ ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیاہے کہ وہ چوکس رہیں اور سمندر میں جانے سے پہلے موسم کی پیشن گوئی کاجائزہ لے لیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی