ہماچل میں شدید بارش کا ریڈ الرٹ، چار اضلاع میں تعلیمی ادارے بند، 25 جولائی تک موسم خراب رہنے کا امکان
شملہ، 20 جولائی (ہ س)۔ ہماچل پردیش میں اگلے دو دن موسم کے حوالے سے احتیاط بڑھا دی گئی ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آج 20 جولائی اور کل 21 جولائی کے لیے کئی اضلاع میں انتہائی شدید بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ اسے دیکھتے ہوئے ضلعی
HP-WEATHER-RED-ALERT-SCHOOLS-C


شملہ، 20 جولائی (ہ س)۔ ہماچل پردیش میں اگلے دو دن موسم کے حوالے سے احتیاط بڑھا دی گئی ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آج 20 جولائی اور کل 21 جولائی کے لیے کئی اضلاع میں انتہائی شدید بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ اسے دیکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے حساس علاقوں میں احتیاطی اقدامات کیے ہیں۔ منڈی، کانگڑا اور سرمور اضلاع میں آج اور کل تمام سرکاری و نجی اسکول، کالج، تکنیکی ادارے اور آنگن واڑی مراکز بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ چمبہ ضلع میں آج کے لیے تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج چمبہ، کانگڑا، منڈی اور سرمور اضلاع میں انتہائی شدید بارش کا ریڈ الرٹ ہے۔ کل 21 جولائی کو چمبہ، کانگڑا، منڈی، سرمور اور کلو اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ باقی تمام اضلاع میں اورنج اور یلو الرٹ رہے گا۔ محکمہ کا اندازہ ہے کہ 22 جولائی کو کئی مقامات پر شدید سے انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے۔ 23 اور 24 جولائی کو کچھ مقامات پر شدید بارش کا امکان برقرار رہے گا۔ 25 جولائی کو بھی ریاست کے مختلف علاقوں میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران پورے خطے میں موسم خراب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

الرٹ کے باوجود گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں صرف ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلاس پور ضلع کے برہمانی میں 29.2 ملی میٹر، کلو کے منالی میں 29.0 ملی میٹر، اونا کے رائے پور میدان میں 12.8 ملی میٹر، کانگڑا کے دھرم شالہ میں 12.5 ملی میٹر، اونا میں 12.2 ملی میٹر، کانگڑا کے پالم پور میں 11.0 ملی میٹر، شملہ کے سرہان میں 10.7 ملی میٹر اور بلاس پور کے آر ایل بی بی ایم بی علاقے میں 8.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پیر کی صبح بھی ریاست کے بیشتر حصوں میں بادل چھائے رہے اور کچھ مقامات پر ہلکی بارش ہوئی، جبکہ کہیں سے بھی وسیع پیمانے پر شدید بارش کی اطلاع نہیں ملی۔

تاہم انتظامیہ کسی بھی قسم کی غفلت نہیں برت رہی ہے۔ ریڈ الرٹ والے اضلاع میں بادل پھٹنے، اچانک سیلاب، فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکیں بند ہونے جیسے ممکنہ حالات کے پیش نظر راحت اور بچاؤ ٹیموں، پولیس، تعمیرات عامہ کے محکمے، بجلی بورڈ اور دیگر متعلقہ محکموں کی مشینری کو مکمل طور پر تیار رکھا گیا ہے۔ حساس علاقوں پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ انتہائی شدید بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ، ملبہ آنے، نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے، ندی نالوں میں پانی کی سطح اچانک بڑھنے اور فلیش فلڈ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ باغبانی، کھڑی فصلوں اور کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ پھسلن والی سڑکوں پر ٹریفک متاثر ہو سکتا ہے اور دھند کے باعث حادثات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی، نالوں اور کھڈوں کے کنارے نہ جائیں، لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں سے دور رہیں اور بلا ضرورت سفر سے گریز کریں۔ ٹریکنگ اور دیگر بیرونی سرگرمیوں سے بھی پرہیز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ موسم اور انتظامیہ کی جانب سے جاری تازہ انتباہات پر مسلسل نظر رکھیں۔

دریں اثنا، کرچھم وانگتو پن بجلی منصوبے کی انتظامیہ نے بھی عوامی مفاد میں اطلاع جاری کی ہے۔ منصوبے کے مطابق کرچھم ڈیم میں پانی کا بہاؤ مسلسل بڑھ رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر ڈیم سے کسی بھی وقت پانی چھوڑا جا سکتا ہے۔ لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ستلج ندی کے کنارے یا ندی کے قریب نہ جائیں اور محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande