
دہرادون، 19 جولائی (ہ س): اتراکھنڈ میں مسلسل ہو رہی شدید بارش کا اثر چار دھام یاترا پر برقرار ہے۔ کیدارناتھ پیدل راستے پر مسافروں کی آمد و رفت بحال کر دی گئی ہے، تاہم لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کے واقعات کے پیش نظر انتظامیہ نے حفاظتی انتظامات اور نگرانی میں اضافہ کر دیا ہے۔ ریاست کے مختلف حصوں میں اب بھی 96 سڑکیں بند ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں تک شدید سے انتہائی شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ اس کے پیش نظر حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے چیف سکریٹری اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کے سینئر افسران کو پورے ریاست کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے اور راحت و بچاؤ کے کاموں میں مستعدی برتنے کی ہدایت دی ہے۔
رودر پریاگ ضلع انتظامیہ کے مطابق کیدارناتھ پیدل راستہ فی الحال پیدل یاتریوں کی دونوں سمتوں میں آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا ہے، جبکہ گھوڑے اور خچر کی نقل و حرکت یک طرفہ نظام کے تحت جاری ہے۔ مسلسل بارش کے باعث راستے کے کئی حساس حصوں میں پہاڑوں سے بڑے پتھر اور چٹانیں گرنے کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ ایسے مقامات پر متعلقہ محکمے مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور ضرورت پڑنے پر فوری طور پر راستے کو محفوظ بنانے کا کام کیا جا رہا ہے۔
ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ایس ای او سی) کی رپورٹ کے مطابق ریاست میں ایک قومی شاہراہ، ایک بی آر او روڈ، چار ریاستی شاہراہیں، 32 اہم ضلعی راستے اور 58 دیہی سڑکوں سمیت کل 96 سڑکیں بند ہیں۔ تمام بند راستوں کو کھولنے کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ریاست کے کئی اضلاع میں آئندہ پانچ دنوں تک شدید سے انتہائی شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق نینی تال، چمپاوت اور اودھم سنگھ نگر میں کہیں کہیں انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے، جبکہ دہرادون، ٹہری، پوڑی، اترکاشی، رودر پریاگ، ہری دوار اور باگیشور میں شدید سے بہت شدید بارش کا امکان ہے۔ پتھورا گڑھ، الموڑہ اور چمولی میں بھی شدید بارش کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے اور تیز بارش کے دور کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ وارننگ دی گئی ہے کہ مسلسل بارش سے لینڈ سلائیڈنگ، چٹانیں گرنے، ندی نالوں کے پانی کی سطح بڑھنے، سڑکوں کی بندش اور چار دھام یاترا سمیت پہاڑی علاقوں میں آمد و رفت متاثر ہو سکتی ہے۔ لوگوں سے غیر ضروری سفر سے بچنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جہاں کہیں بھی شدید بارش، لینڈ سلائیڈنگ یا سڑک بند ہونے جیسی صورتحال پیدا ہو، وہاں انتظامیہ فوری طور پر راحت اور بچاؤ کا کام شروع کرے۔ سڑک، بجلی، پینے کے پانی اور مواصلاتی نظام جیسی ضروری خدمات کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کرنے اور چار دھام یاترا کے راستوں پر خصوصی نگرانی رکھنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔
اس دوران دہرادون ضلع میں شدید سے انتہائی شدید بارش کے ریڈ الرٹ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے پیر کے روز جماعت اول سے 12ویں تک کے تمام سرکاری، غیر سرکاری اور نجی اسکولوں کے ساتھ ساتھ تمام آنگن واڑی مراکز میں تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں اور مسافروں سے خراب موسم کے دوران محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد