
نئی دہلی، 19 جولائی (ہ س)۔ ہندوستھان کی جنگ آزادی کے عظیم مجاہد آزادی اور 1857 کی پہلی جنگ آزادی کے علمبردار منگل پانڈے کے یوم پیدائش پرلوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا،وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری سمیت کئی لیڈروں نے اتوار کو انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی حب الوطنی اور قربانی کو سلام پیش کیا۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر کہا کہ وہ 1857 کی جدوجہد آزادی کے عظیم مجاہد، بے مثال بہادری اور حب الوطنی کی علامت ویر منگل پانڈے کو ان کے یوم پیدائش پر دلی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 29 مارچ 1857 کو بیرک پور چھاو¿نی میں منگل پانڈے کی جرات اور حب الوطنی نے ہندوستانی تاریخ میں ایک فیصلہ کن لمحہ پیدا کیا، جس نے غیر ملکی راج کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا اور تحریک آزادی کو ایک نئی سمت دی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قربانی آنے والی دہائیوں تک لاتعداد انقلابیوں کے لیے تحریک کا باعث رہی اور آج بھی ان کی زندگی لاکھوں ہندوستانیوں میں حب الوطنی کے جذبے کو ابھارتی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل پانڈے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں عظیم انقلابی کو ان کے یوم پیدائش پر سلام کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عزت نفس اور وقار کے تحفظ کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔ ہر ہندوستانی کو ان کی جرات مندانہ زندگی پر فخر ہے اور حب الوطنی سے لبریز ان کی بہادری کی داستان ہر نسل کو متاثر کرتی رہے گی۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ غیر ملکی حکمرانی کے خلاف انقلاب کی کال دے کر بہادر منگل پانڈے نے پورے ملک میں حب الوطنی کو جگایا اور لاتعداد ہم وطنوں کو مادر وطن کی آزادی کے لیے لڑنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قربانی، بہادری اور قوم کے لیے اٹوٹ لگن اہل وطن کو ہمیشہ قومی خدمت اور ملک کی تعمیر کے راستے پر آگے بڑھنے کی ترغیب دیتی رہے گی۔
اپنے پیغام میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ انقلابی ہیرو ویر منگل پانڈے نے 1857 کے انقلاب کا مشعل جلا کر قوم کو بیدار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ثقافت، عزت نفس اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے منگل پانڈے نے برطانوی راج کے خلاف جنگ لڑی اور مادر ہند کو نوآبادیاتی جبر اور ناانصافی سے آزاد کرانے کے لیے اپنی جان کی عظیم قربانی دی۔ ان کی قربانی سے بھڑکنے والی انقلاب کی چنگاری بعد میں آزادی کے بھڑکتے شعلے میں بدل گئی۔
مرکزی سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے بھی ویر منگل پانڈے کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وہ جدوجہد آزادی کے سرکردہ مجاہدین میں سے ایک تھے، جن کی قربانی اور لگن ہمیشہ ہم وطنوں کو قومی مفاد میں کام کرنے کی ترغیب دیتی رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی