
امپھال، 19 جولائی (ہ س)۔
منی پور میں گزشتہ 24 گھنٹے میں سیکورٹی فورسز نے مختلف اضلاع میں لگاتار مہم چلا کر منشیات کے اسمگلروں، عسکریت پسندوں اور بھتہ خوروں کے خلاف بڑی کارروائی کی۔ اس دوران بھاری مقدار میں منشیات، ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
’وار آن ڈرگز‘ مہم کے تحت 18 جولائی کو سیکورٹی فورسز نے کھومان لمپاک علاقے سے محمد یوسب عرف کاکی عرف ذاکر (41) کو گرفتار کیا۔ اس کے قبضے سے تقریباً 6.2 کلوگرام کرسٹل میتھم فیٹامائن (آئس ڈرگز) کے چھ پیکٹ اور ایک ٹی وی ایس جوپیٹر اسکوٹر برآمد کیا گیا۔
اسی دن امپھال ایسٹ ضلع کے ہینگانگ تھانہ علاقے سے یو آر ایف (یونائیٹڈ ریولوشنری فرنٹ) کے سرگرم عسکریت پسند محمد لہیم الدین عرف یانگبا (37) کو بھی گرفتار کیا گیا۔
چورا چاند پور ضلع کے تھنگ کانگ فائی گاوں میں سیکورٹی فورسز نے ایک بولیرو گاڑی کی تلاشی کے دوران براون شوگر ہونے کے شبہے والے 81 صابن دانی پیکٹ برآمد کیے۔ گاڑی کے ڈرائیور منگ خان تھانگ کپگین (33) کو گرفتار کیا گیا۔ وہ ڈی آر آئی کے کئی این ڈی پی ایس معاملات میں مطلوب بتایا جا رہا ہے۔
چھ ناگا افراد کے اغوا اور قتل کے معاملے کی جانچ کے دوران این آئی اے، منی پور پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے لنگاولال وائفئی اور لنمن تھانگ سیتلہو عرف جیک کو گرفتار کیا۔ معاملے سے جڑے دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
کانگ پوک پی ضلع کے کوٹلین میں واقع زیرو پوائنٹ علاقے سے سیکورٹی فورسز نے ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا۔ برآمد شدہ سامان میں ایک .22 رائفل، 15 سنگل بیرل رائفلیں، تین 9 ایم ایم پستول، ایک .22 پستول، پانچ امپرووائزڈ مارٹر، 107 زندہ کارتوس، 205 خالی کارتوس، چار موٹرولا بیٹریاں اور ایک پی ای کے شامل ہیں۔
17 جولائی کو امپھال ایسٹ ضلع سے کے سی پی (سٹی میتے) کے سرگرم عسکریت پسند اور مبینہ بھتہ خور کھنڈونگ بم ایتھوئی سنگھ (32) کو گرفتار کیا گیا۔
وہیں، چاندیل ضلع میں بھارت-میانمار سرحد کے قریب کے وائی کے ایل کے سرگرم عسکریت پسند یانگا بام بوئیچا میتے عرف بوئناو (29) کو ایک دیسی .22 پستول اور موٹرولا کمیونیکیشن سیٹ کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔
سیکورٹی فورسز نے کہا کہ ریاست میں عسکریت پسندی، منشیات کی اسمگلنگ اور منظم جرائم کے خلاف مہم آگے بھی لگاتار جاری رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن