
نئی دہلی، 19 جولائی (ہ س)۔
ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف) اتوار سے آسٹریلیا کی رائل آسٹریلین ایئر فورس (آر اے اے ایف) کے ڈارون فضائی اڈے پر منعقد ہونے والی کثیر ملکی فضائی مشق 'پچ بلیک 2026' میں حصہ لے گی۔ یہ مشق 20 جولائی سے 7 اگست 2026 تک جاری رہے گی۔
'پچ بلیک' آر اے اے ایف کی دو سالہ بنیاد پر منعقد ہونے والی اہم کثیر ملکی فضائی جنگی مشق ہے۔ اس کا نام شمالی آسٹریلیا کے وسیع غیر آباد علاقوں میں رات کے وقت فضائی کارروائیوں پر خصوصی توجہ کی وجہ سے رکھا گیا ہے۔ 45 سالہ تاریخ میں اس مرتبہ سب سے زیادہ ممالک اور فوجی دستے شریک ہو رہے ہیں، جو بڑے پیمانے پر مشترکہ فضائی کارروائیوں اور کثیر ملکی جنگی مشقوں میں حصہ لیں گے۔
ہندوستانی فضائیہ کے دستے میں ماہر پائلٹ، انجینئر، تکنیکی ماہرین، کنٹرولرز اور دیگر شعبوں کے ماہرین شامل ہیں۔ یہ دستہ رافیل کثیر المقاصد لڑاکا طیاروں کے ساتھ حصہ لے گا، جبکہ سی-17 گلوب ماسٹر-III اور آئی ایل-78 فضائی ایندھن بھرنے والے طیارے جنگی معاونت کے فرائض انجام دیں گے۔
یہ مشق شریک فضائی افواج کو باہمی اشتراک، مشترکہ کارروائیوں کی صلاحیت کو بہتر بنانے، مختلف افواج کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے اور عالمی منظرنامے کے مطابق آپریشنل تجربات اور بہترین عملی طریقوں کے تبادلے کا اہم موقع فراہم کرے گی۔
پچ بلیک 2026 طویل فاصلے تک فضائی کارروائیوں کی صلاحیت کا جائزہ لینے، کثیر ملکی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے اور ہند۔بحرالکاہل خطے میں پیشہ ورانہ دفاعی شراکت داری کو فروغ دینے کا بھی ایک بہترین موقع ہے۔ اس مشق کے ذریعے شریک فضائی افواج حقیقت سے قریب اور سخت چیلنجوں سے بھرے کثیر ملکی ماحول میں مشترکہ کارروائیوں کی مشق کریں گی، جس سے باہمی اعتماد، ہم آہنگی اور آپریشنل صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
ہندوستانی فضائیہ اس سے قبل 2018، 2022 اور 2024 میں بھی اس مشق میں حصہ لے چکی ہے، جو دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانے کے اس کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ