
نئی دہلی، 19 جولائی (ہ س)۔ امتحانات کے پیپر لیک ہونے کے واقعات کے خلاف مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے کے لیے احتجاج کر رہی کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) نے 20 جولائی کو جنتر منتر سے پارلیمنٹ تک مارچ کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے سربراہ ابھیجیت دیپکے نے حامیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جنتر منتر پر جمع ہونے کے لیے بڑی تعداد میں پر امن احتجاج کریں۔
اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر پوسٹ کیے گئے ایک پیغام میں دیپکے نے کہا کہ تمام حامیوں کو جمہوری طریقے سے اپنی آواز بلند کرنی چاہیے اور کسی بھی قسم کیبد امنی یا اشتعال انگیزی سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی کا احتجاج اور پارلیمنٹ تک مارچ مکمل طور پر پرامن رہے گا۔
انہوں نے کہا، میں تمام حامیوں سے جنتر منتر پہنچنے کی اپیل کرتا ہوں۔ ہمارا احتجاج اور مارچ مکمل طور پر پرامن ہو گا۔ اگر کوئی کسی قسم کی ہنگامہ آرائی کرتا ہے یا منفی نعرے بازی میں ملوث ہوتا ہے، تو وہ نہ تو سونم سر (سونم وانگچک) کے حامی ہیں اور نہ ہی سی جے پی کے۔
قابل ذکر ہے کہ ماہر ماحولیات سونم وانگچک گزشتہ 20 دنوں سے جنتر منتر پر بھوک ہڑتال پر تھے۔ ہفتہ کی صبح ان کی طبیعت خراب ہونے کے بعد دہلی پولیس نے انہیں علاج کے لیے صفدر جنگ اسپتال میں داخل کرایا۔ اس کے بعد، ایجی ٹیشن کے گرد سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔
اس دوران ، دہلی پولیس نےسی جے پی کی سوشل میڈیا مہم اور مجوزہ احتجاج سے جڑے کچھ معاملات پر بھی کارروائی کی ہے۔ دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے حفاظتی انتظامات کو بڑھا دیا گیا ہے اور پولیس صورتحال پر گہرائی سے نظر رکھے ہوئے ہے۔
جنتر منتر پر سی جے پی کی قیادت میں جاری دھرنے کا بنیادی مقصد امتحانات کے پیپر لیک ہونے کے واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات، قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کرنا ہے۔ پارٹی کا الزام ہے کہ بار بار ہونے والی امتحانی بے ضابطگیوں سے لاکھوں طلباء کا مستقبل متاثر ہوا ہے اور حکومت اس معاملے پر جوابدہی کو یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے۔
اس تناظر میں، سی جے پی نے 20 جولائی کو جنتر منتر سے پارلیمنٹ تک مارچ کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ مارچ مکمل طور پر پرامن اور جمہوری انداز میں کیا جائے گا اور تمام کارکنوں اور حامیوں سے امن و امان کو برقرار رکھنے میں تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی