
رتناگیری ضلع سرکاری اسپتال میں پانچ سالہ بچے کے نایاب برینکیئل سسٹ کا کامیاب آپریشنرتناگیری، 17 جولائی (ہ س)۔ رتناگیری ضلع سرکاری اسپتال میں طبی شعبے کی ایک نایاب اور اہم کامیابی اس وقت حاصل ہوئی جب کان، ناک اور گلا (ای این ٹی) شعبہ کی سربراہ ڈاکٹر سنیتا باگے نے صرف پانچ سالہ بچے کے پیدائشی نایاب عارضے برینکیئل سسٹ کی کامیاب سرجری انجام دے کر اسے نئی زندگی عطا کی۔ رتناگیری ضلع اسپتال میں اس نوعیت کی پیچیدہ سرجری پہلی مرتبہ انجام دی گئی ہے، جسے دیہی علاقوں کے مریضوں کے لیے ایک بڑی طبی پیش رفت اور اطمینان بخش کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔برینکیئل سسٹ ایک پیدائشی بیماری ہے، جو دورانِ حمل گردن کے حصے میں موجود بافتوں کی مکمل نشوونما نہ ہونے کے باعث پیدا ہوتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق اس بیماری کی سرجری انتہائی پیچیدہ اور چیلنجنگ سمجھی جاتی ہے، کیونکہ سسٹ کو نکالتے وقت گردن کی اہم خون کی نالیوں اور اعصاب کو نقصان پہنچنے کا شدید خطرہ رہتا ہے۔ماہرین کے مطابق اگر آپریشن کے دوران ہائپوگلوسل، ویگس یا فیشیل اعصاب متاثر ہو جائیں تو مریض کے چہرے یا گردن کے عضلات کی کارکردگی پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ تاہم ڈاکٹر سنیتا باگے نے انتہائی باریک بینی، مؤثر منصوبہ بندی اور جدید طبی تکنیک کی مدد سے پورے برینکیئل سسٹ کو محفوظ طریقے سے نکال دیا، جس سے کسی قسم کی پیچیدگی پیدا نہیں ہوئی۔اس کامیاب آپریشن کے بعد بچے کی صحت میں نمایاں بہتری آئی ہے اور وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہا ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ اس غریب خاندان کو علاج کے دوران کسی بھی قسم کا مالی بوجھ برداشت نہیں کرنا پڑا۔ سرکاری طبی اسکیموں کے تحت مکمل علاج اور سرجری مفت فراہم کی گئی، جس پر مریض کے اہل خانہ نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ اور طبی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے