
جونپور، 17 جولائی (ہ س)۔اترپردیش کے جونپور میں اسلامی اسکالر مولانا ڈاکٹر کلب رُشید رضوی نے کہا کہ تمام مذاہب انسانیت اور آپسی بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں۔ جونپور کے بازار بھووا میں مرحوم میر بہادر علی امام باڑہ میں مجلس عالم نوچندی سے خطاب کے بعد جمعرات کی شب ہندوستھان سماچار کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے جد امجد آدم تھے اور ہم سب ان کی اولاد ہیں۔ سناتن دھرم ہو یا اسلام، ہر شخص کو اپنے ایشور، اللہ،گاڈ یا بھگوان کی اپنے طریقے سے عبادت کرنے کی مکمل آزادی ہے۔
مقبوضہ کشمیر(پی او کے) کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستان کا اٹوٹ حصہ تھا، ہے اور رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہاں کے لوگ پاکستانی فوج کے مظالم کو برداشت کر رہے ہیں اور مستقبل میں پی او کے کے لوگ بھی بھارت کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیں گے۔
ایودھیا رام مندر کے چڑھاوے میں مبینہ چوری اور وقف بورڈ سے جڑے بدعنوانی کے معاملات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ دونوںہی واقعات لوگوں کے عقیدے سے جڑے ہوئے ہیں۔ حکومت کو غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے۔
ہندوستھا ن سماچار
----------
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد