
بالی ووڈ کے ’ہیرو نمبر 1‘ گووندا ایک بار پھر بڑے پردے پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔ اداکار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنی نئی فلم ”روپا“ کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فلم کا پہلا پوسٹر بھی جاری کیا۔ فلم میں گووندا کے ساتھ ڈیبیو کرنے والی اداکارہ رانی سوارنکار مرکزی کردار میں ہیں۔ غور طلب ہے کہ گووندا آخری بار 2019 کی فلم رنگیلا راجہ میں نظر آئے تھے۔
گووندا اس فلم میں نہ صرف مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ اس کے پروڈیوسر کے طور پر بھی کام کر رہے ہیں۔ فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ”روپا“ خاص طور پر نوجوانوں کو ذہن میں رکھ کر بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ فلم نوجوانوں کو اپنے خوابوں پر یقین کرنے اور انہیں حاصل کرنے کی ترغیب دے گی۔ اداکار نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یہ فلم ناظرین پر دیرپا اثر چھوڑے گی۔
اپنے طویل وقفے کے بارے میں بات کرتے ہوئے، گووندا نے کہا کہ بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ وہ کبھی فلموں میں واپس نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے رہے کہ میں دوبارہ فلموں میں نظر نہیں آو¿ں گا، لیکن میں ہمیشہ نئی شروعات پر یقین رکھتا تھا۔ شاید یہ میرا مقدر تھا کہ مجھے بار بار خود کو ثابت کرنا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب وہ نئی توانائی اور جوش کے ساتھ سامعین کے پاس واپس آرہے ہیں۔
گووندا نے کہا کہ روپا ان کے کیریئر میں ایک نئی اننگز کا آغاز کرے گی۔ تاہم فلم کی ریلیز کی تاریخ یا دیگر کاسٹ ممبران کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ اداکار کے اعلان نے انہیں ایک بار پھر بڑی اسکرین پر دیکھنے کے لیے ان کے مداحوں کے جوش و خروش کو بڑھا دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی