
منی پور میں سیکورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، عسکریت پسند گرفتار، بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات برآمد
امپھال، 27 جون (ہ س)۔ منی پور میں سیکورٹی فورسز نے مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران چلائی گئی ایک مربوط مہم کے دوران دو عسکریت پسندوں اور دو مبینہ منشیات اسمگلروں کو گرفتار کیا۔ اس مہم کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولا بارود، دھماکہ خیز مواد اور مشتبہ ہیروئن بھی برآمد کی گئی۔ سیکورٹی فورسز نے امپھال ایسٹ ضلع کے کھومیڈوک امنگ لئیکائی علاقے سے ممنوعہ تنظیم کے سی پی (پی ڈبلیو جی) کے سرگرم رکن بایامایوم پنگکو (27) کو گرفتار کیا۔ وہیں، امپھال ویسٹ ضلع کے سانگائی پروو ایف سی آئی روڈ سے ممنوعہ تنظیم یو این ایل ایف (پی) کے سرگرم رکن محمد آزاد خان (46) کو غیر قانونی ہتھیاروں کی فروخت میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ اس کے قبضے سے ایک ٹاٹا سفاری ڈیکور گاڑی بھی ضبط کی گئی۔
نونی ضلع کے جوزانگ ٹیک علاقے میں تلاشی مہم کے دوران دو دیسی سنگل بیرل بندوقیں اور 49 کارتوس برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ، کانگپوکپی ضلع کے ماوہنگ گاوں اور نارتھ چانگوبنگ کے درمیان پہاڑی علاقے میں چلائی گئی مہم میں ایک ایکے-47 رائفل، ایک 9 ایم ایم کاربائن، دو 303. رائفلیں، چار پستول، 29 سنگل بیرل بندوقیں، 129 زندہ کارتوس، دو پمپی، تین امپرووائزڈ بم، 200 گرام پی ای کے دھماکہ خیز مواد، دو ہینڈ گرینیڈ اور تین باوفینگ ریڈیو سیٹ برآمد کیے گئے۔
تھوبل ضلع کے تینتھا سموچنگ علاقے کے دامن سے ایک ایس ایم جی کاربائن اور پانچ بولٹ ایکشن رائفلیں بھی برآمد کی گئیں۔ اسی دوران الگ الگ چھاپہ ماری میں منشیات کے دو مشتبہ اسمگلروں کو بھی گرفتار کیا گیا۔ لیلونگ علاقے سے محمد شاہد رحمان (31) کے قبضے سے 45 گرام اور سانگائی یمفام علاقے سے محمد صلاح الدین عرف اموبا (38) کے قبضے سے 39.11 گرام مشتبہ ہیروئن برآمد کی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ تمام معاملات میں مزید جانچ جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن