
راجوری کے گمبھیر مغلاں علاقے میں جاری آپریشن شیروالی 36 ویں روز میں داخل
جموں، 27 جون (ہ س)۔ راجوری ضلع کے گمبھیر مغلاں علاقے کے دوریمیل جنگلات میں جاری آپریشن شیروالی ہفتہ کو اپنے 36ویں روز میں داخل ہوگیا۔ جموں و کشمیر پولیس سمیت مختلف سیکورٹی ایجنسیاں دہشت گردوں کی تلاش کے لیے مسلسل کارروائیاں انجام دے رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ وسیع پیمانے پر انسدادِ دہشت گردی آپریشن گزشتہ ماہ مئی کے آخر میں شروع کیا گیا تھا، جس کا مقصد دوریمیل-گمبھیر مغلاں کے دشوار گزار پہاڑی اور جنگلاتی علاقوں میں چھپے مسلح دراندازوں اور دہشت گردوں کا سراغ لگا کر انہیں بے اثر کرنا ہے۔
سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ اور نگرانی کا عمل جاری رکھا ہوا ہے، جبکہ تمام متعلقہ ایجنسیاں باہمی تعاون اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ آپریشن کو کامیاب بنانے میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ فورسز علاقے پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے اضافی حفاظتی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک پورے علاقے کو مکمل طور پر محفوظ قرار نہیں دیا جاتا اور تمام اہداف حاصل نہیں ہو جاتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر