
کوپل، 27 جون (ہ س)۔ کرناٹک کے کوپل ضلع میں ہفتہ کی صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ میں پانچ افراد ہلاک اور چار دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ کوکنور تعلقہ کے بھاناپور میں واقع قومی شاہراہ 63 پراس وقت پیش آیا جب عقیدت مندوں کو منترالیم درشن کے لئے لے جانے والی ایک اومنی وین ڈیوائیڈر کو عبور کرنے والی ایک مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی۔
مرنے والوں کی شناخت کینچاما بالیکائی (35)، امرتا کوٹیال (25)، رمیش بلاری (45)، پروین بلیکائی (40) اور چنمے کے طور پر کی گئی ہے۔ تمام مہلوکین ہاویری ضلع کے رٹی ہلی تعلقہ کے کبارا گاو¿ں کے رہنے والے تھے۔
اطلاعات کے مطابق یہ خاندان اومنی وین میں منترالیم جا رہا تھا۔اس دوران قریب کی سڑک سے آ رہی ایک اشوک لیلینڈ مال بردار گاڑی توازن کھو بیٹھی اور ڈیوائیڈر کو عبور کر کے اومنی وین سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ اومنی وین مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے چار افراد کو ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر کوپل ضلع اسپتال پہنچایا، جہاں ان کا فی الحال علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ کوکنور کی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور تحقیقات کا آغاز کیا۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور حادثے کی وجہ جاننے کے لیے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد