
شملہ، 26 جون (ہ س)۔ شملہ ضلع کے رام پور سب ڈویژن میں جمعہ کو ایک سڑک حادثے میں ماں بیٹے سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ رام پور پولیس اسٹیشن کے تحت تاکلیچ چوکی علاقے کے ارمن میں پیش آیا جہاں ایک پک اپ گاڑی (ایچ پی-06بی-2420) بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ ڈرائیور سمیت تمام چھ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔پولیس کے مطابق حادثے کے وقت پک اپ میں چھ افراد سوار تھے۔ مرنے والوں میں ابھیشیک سانی (23) ولد نرسنگھ ثانی ساکنہ گاوں شرنال شملہ، لائک رام (56) ولد ماگو رام، ساکن گاوں پاتھ، ضلع شملہ، ڈرائیور اشوک جین(32) رہائشی گاوں چھلٹا ضلع شملہ اور نتین(23) ولد مین سنگھ جین رہائشی گاوں چھلٹا شملہ شامل ہیں۔حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں کلّو ضلع کے آنی علاقے کی ایک ماں اور بیٹا بھی شامل ہیں۔ مرنے والوں کی شناخت آشا کماری بیوی ستیہ پرکاش ضلع کلّو، اور اس کے بیٹے یوگل، ولد ستیہ پرکاش، ضلع کلّو کے طور پر ہوئی ہے۔ ایک ہی خاندان کے دو افراد کی ہلاکت سے علاقے میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ کھائی میں گرنے والی گاڑی تک پہنچنے اور لاشوں کو نکالنے کی کوششیں شروع کردی گئیں۔ پولیس ٹیموں کو ریسکیو کام کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو حادثے کی اطلاع دے دی ہے۔ شملہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گورو سنگھ نے حادثے میں چھ لوگوں کی موت کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی معلومات سے معلوم ہوتا ہے کہ گاڑی گہری کھائی میں گری تاہم حادثے کے اصل حالات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی معلوم ہوں گے۔ پولیس ضروری قانونی کارروائی کر رہی ہے۔اس سانحہ نے رام پور اور آس پاس کے علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ چھ جانوں کے ضیاع سے متاثرہ خاندان گہرے غم میں ڈوب گئے ہیں اور پورا علاقہ سوگ میں ڈوبا ہوا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan