
اوریا، 13 جون (ہ س)۔ اتر پردیش میں اوریا ضلع کے اچھلدا تھانہ علاقہ کے تحت گرام پنچایت گواری کے مزرعہ بیر پور میں ہفتہ کی صبح ایک 49 سالہ کسان ایک سانڈ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ کسان اپنی مونگ کی فصل کی حفاظت کے لیے اپنے کھیت میں گیا ہوا تھا کہ سانڈنے اس پر حملہ کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق مان سنگھ (49) ولد رجن سنگھ ساکن بیر پور ہفتہ کی صبح تقریباً 8 بجے اپنے گھر کے قریب اپنے کھیت میں مونگ کی فصل کا معائنہ کرنے گئے تھے۔ اسی دوران ایک سانڈ کھیت میں داخل ہوا اور چرنے لگا۔ کسان مان سنگھ نے سانڈ کو بھگانے کی کوشش کی لیکن اس نے اچانک اس پر حملہ کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق سانڈ نے کسان مان سنگھ کو اپنے سینگوں سے اٹھا کر زمین پر پھینک دیا جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ اور گاوں والے جائے وقوعہ پر پہنچے اور کسی طرح سانڈ کو بھگایا۔
اطلاع ملتے ہی اسٹیشن ہاوس آفیسر سریش چندر اور سب انسپکٹر برج کشور پولیس فورس کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ پولیس نے انکوائری رپورٹ تیار کرکے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ لیکھپال دھیریندر کمار بھی جائے وقوعہ پر پہنچے، رپورٹ تیار کی اور اعلیٰ حکام کو بھیج دی۔
متوفی کسان مان سنگھ اپنے خاندان کا واحد کمانے والا تھا۔ ان کی موت سے خاندان میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کے پسماندگان میں بیوی ممتا دیوی، 14 سالہ بیٹی ڈولی، چھ سالہ بیٹا ارپت اور چار سالہ بیٹا شنی شامل ہیں۔ واقعے کے بعد پورے گاوں میں غم کا ماحول ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی