
علی گڑھ 13 جون (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ریزیڈنشیئل کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے) نے سرکاری شعبے میں ملازمت کے حوالہ سے ‘‘ایس ایس سی-سی جی ایل اور یو پی ایس سی امتحانات کی اہمیت و افادیت’’ کے موضوع پر ایک آن لائن بیداری پروگرام منعقد کیا۔
آر سی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر علی عمران نے ایس ایس سی-سی جی ایل امتحان کے دائرہ کار پر روشنی ڈالی اور اس کی تیاری کے لیے مفید حکمت عملیوں سے شرکاء کو آگاہ کیا، جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد فیروز احمد نے یو پی ایس سی سول سروسز امتحان اور اس کی تیاری سے متعلق رہنمائی فراہم کی۔ پروگرام میں سوال و جواب کا سیشن بھی شامل تھا، جس کے ذریعے شرکاء نے امتحانات کے طریقہ کار، تیاری کی حکمت عملی اور مستقبل کے پیشہ ورانہ امکانات سے متعلق معلومات حاصل کی۔
آر سی اے کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد حسن کی رہنمائی میں منعقدہ اس پروگرام میں طلبہ اور امیدواروں نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ