
بھوپال، 13 جون (ہ س)۔
مدھیہ پردیش اردو اکادمی، محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، دموہ کے ذریعے ’’سلسلہ اور تلاش جوہر‘‘ کے تحت شعری و ادبی نشست کا انعقاد 14 جون 2026 کو دوپہر 12.00 بجے سے چھتر چھایا ریپبلک اسکول، دموہ میں ضلع کوآرڈینیٹر ادیب دموہی کے تعاون سے کیا جائے گا۔
اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے پروگرام کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے ذریعے اپنے ضلع کوآرڈینیٹرس کے تعاون سے ’’سلسلہ اور تلاش جوہر‘‘ کے تحت ریاست کے سبھی اضلاع میں شعری و ادبی نشستیں منعقد کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے کا اگلا پروگرام 14 جون کو دموہ میں منعقد ہو رہا ہے جس میں دموہ کے ایسے سینئر شعرا و ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے جنہیں اکادمی کے اسٹیج پر پیش کش کا موقع کم ملا ہے۔
دموہ ضلع کے کوآرڈینیٹر ادیب دموہی نے بتایا کہ منعقدہ پروگرام دو اجلاس پر مبنی ہوگا۔ پہلے اجلاس میں دوپہر 12.00 بجے تلاش جوہر کا انعقاد ہوگا جس میں ضلع کے نئے تخلیق کار فی البدیہہ مقابلے میں حصہ لیں گے۔ دوسرے اجلاس میں سلسلہ کے تحت دوپہر 2.30 بجے شعری و ادبی نشست کا انعقاد کیا جائے گا،۔ اس پروگرام میں جو شعرا اور ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے ان میں خصوصی شاعر و مقرر کے طور پر دموہ کے سینئر شعراء ڈاکٹر رفیق عالم اور ڈاکٹر ناظر خان کا نام شامل ہے۔ اور مقامی شعراء و ادبا میں رمیش تیواری، نصیر خان ’فرحت‘، ننھے سنگھ ٹھاکر ’آدم‘، محمد طاہر خان، تحسین حیدر جعفری، عبد القیوم ’تابش نیر‘، محمد تابش ’احسن‘، آصف انجم، ڈاکٹر گنیش پرساد رائے، مدھولتا پاراشر، ستارہ ناز، مانو بجاج، عطا وارث، شیخ عرفان عثمانی اور محمد ایاز وغیرہ کے نام شامل ہیں۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ادیب دموہی انجام دیں گے۔ ڈاکٹر نصرت مہدی نے دموہ کے تمام محبان ادب سے پروگرام میں شرکت کی درخواست کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن