
حیدرآباد ، 13 جون (ہ س)۔ کوئلہ وکان کنی کے مرکزی وزیرجی کشن ریڈی نے تلنگانہ کے وزیرِاعلیٰ اے ریونت ریڈی کو ایک خط لکھ کرسرکاری کمپنی سنگرینی کالیریزکمپنی لمیٹڈ (ایس سی سی ایل) میں مبینہ بے ضابطگیوں کی جامع تحقیقات کرانے کی اپیل کی ہے۔ کشن ریڈی نے اپنے خط میں میڈیارپورٹس پرتشویش کا اظہارکیا ہے، جن میں الزام لگایا گیا ہے کہ تقریباً 40 لاکھ ٹن کوئلہ، جس کی مالیت لگ بھگ 1600 کروڑ روپے ہے،غائب ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں کمپنی کوبھاری مالی نقصان اٹھانا پڑاہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹس ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب سنگارینی پہلے ہی تلنگانہ حکومت پر51,500 کروڑ روپے سے زائد کے واجبات کی وجہ سے مالی دباؤ کاسامناکررہی ہے۔ مرکزی وزیرنے وزیرِاعلیٰ سے الزامات کی تصدیق کرانے، مکمل تحقیقات کرانے اورموجودہ حفاظتی اقدامات اوراندرونی کنٹرول کے نظام کی مؤثریت کاجائزہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے شفافیت،کارکردگی اورذمہ داری کوبہتربنانے کےلیے ٹیکنالوجی پرمبنی نگرانی کے نظام اوروقتاًفوقتاً جائزے کے طریقۂ کارکواپنانے کی بھی وکالت کی۔ کشن ریڈی نے تلنگانہ کی معیشت اورہندوستان کی توانائی سلامتی میں سنگرینی کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بروقت کارروائی سے کمپنی، اس کے 40 ہزارملازمین اوران کے خاندانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے میں مدد ملے گی، نیزاس کی طویل مدتی ترقی اور استحکام کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔
۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق