
پالگھر ، 13 جون (ہ س) ۔ مہاراشٹر کے ضلع پالگھر میں شیراساڈ-وجریشوری روڈ پر واقع شیراساڈ چیک پوسٹ کے قریب ایک المناک سڑک حادثے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔ دونوں افراد موٹر سائیکل پر سفر کر رہے تھے کہ ایک تیز رفتار ٹرک نے انہیں کچل دیا۔ واقعے کی تحقیقات مانڈوی پولیس اسٹیشن کی ٹیم کر رہی ہے۔پولیس کے مطابق جمعہ کے روز پارول علاقے کے رہائشی رویندر گوپال پاٹل (57 سال) اپنے ایک دوست کے ساتھ موٹر سائیکل پر شیراساڈ چیک پوسٹ کے علاقے سے گزر رہے تھے۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والے ایک ٹرک نے موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر مارتے ہوئے روند ڈالا۔حادثے کے نتیجے میں رویندر پاٹل اور ان کے ساتھی ٹرک کے پہیوں تلے آ کر شدید زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی مانڈوی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور دونوں زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے اور حادثے کے اسباب جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے