
جموں, 04 مئی (ہ س)۔ جموں میڈیکل کالج کے شعبہ امراضِ قلب کے سربراہ ڈاکٹر سشیل شرما کی جانب سے جے اینڈ کے موہیال سبھا جموں میں ایک روزہ کارڈیک آگاہی اور ہیلتھ اسکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔کیمپ کا مقصد عوام کو دل کی بیماریوں کے خطرات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی عوامل کے بڑھتے ہوئے اثرات کو اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سشیل شرما نے کہا کہ دل کی بیماریاں دنیا بھر میں اموات کی سب سے بڑی وجہ ہیں، تاہم اب یہ صرف روایتی عوامل تک محدود نہیں رہیں بلکہ ماحولیاتی آلودگی بھی ایک بڑا سبب بن چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فضائی آلودگی، خصوصاً پی ایم 2.5 ذرات، انسانی صحت پر شدید منفی اثرات مرتب کرتے ہیں اور دل کے دورے، فالج اور دیگر امراض کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔ اسی طرح آلودہ پانی میں موجود بھاری دھاتیں بھی ہائی بلڈ پریشر اور قلبی امراض کا باعث بنتی ہیں۔ڈاکٹر شرما نے مزید کہا کہ شور کی آلودگی، مصنوعی روشنی، کیمیائی مادوں اور دھوئیں کی نمائش بھی دل کی صحت کو متاثر کرتی ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلی دل کی بیماریوں میں اضافے کا ایک اہم عنصر بن کر سامنے آ رہی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پسماندہ طبقات ماحولیاتی آلودگی سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، اس لیے دل کی بیماریوں کی روک تھام کے لیے بہتر ماحول کی فراہمی نہایت ضروری ہے۔کیمپ کے اختتام پر موہیال سبھا جموں کی انتظامیہ نے ڈاکٹر سشیل شرما اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے عوامی مفاد میں ایک اہم قدم قرار دیا۔ اس موقع پر ماہرینِ طب، پیرا میڈیکل اسٹاف اور رضاکاروں نے بھی اپنی خدمات انجام دیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر