
اے ایم یو کے شعبہ اقتصادیات نے طلبہ کے لئے تعلیمی دورہ کا اہتمام کیا
علی گڑھ، 04 مئی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اقتصادیات نے ایف وائی یو پی کے تحت پیشہ ورانہ کورس کرنے والے بی اے، ششم سمسٹر کے طلبہ کے لیے جے این میڈیکل کالج کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے تحت واقع رورل ہیلتھ ٹریننگ سینٹر (آر ایچ ٹی سی)، جواں کے تعلیمی دورے کا اہتمام کیا، جس نے طلبہ کو دیہی صحت فراہمی نظام کا عملی تجربہ فراہم کیا اور انھیں کلاس روم کی تعلیم کو حقیقی زندگی کے تجربات سے مربوط کرنے میں مدد ملی۔
طلبہ نے مریضوں، ڈاکٹروں اور صحت عملے کے اراکین سے گفتگو کی اور دیہی صحت کے مسائل کے ساتھ ساتھ آس پاس کے دیہی عوام کی خدمت میں آر ایچ ٹی سی کے کردار اور اس کے طریقہ کار کو قریب سے سمجھا۔ شعبہ اقتصادیات کے چیئرمین پروفیسر شہروز عالم رضوی نے اس موقع پر کہا کہ اس طرح کے فیلڈ تجربہ پر مبنی تعلیم طلبہ میں تجزیاتی و سماجی فہم اور ٹیم ورک کی صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہے۔
اساتذہ میں پروفیسر ایس ایم جاوید اختر، پروفیسر محمد آصف اور ڈاکٹر شیریں رئیس طلبہ کے ہمراہ شامل رہے اور دورے کے دوران ان کی رہنمائی کی۔ شعبہ نے اس دورے کو ممکن بنانے میں شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے ڈاکٹر تبسم نواب، ڈاکٹر یاسر زبیر اور ڈاکٹر ارم عابد کے تعاون کو سراہا۔ اس کے علاوہ پروگرام کے کامیاب انعقاد میں تعاون کے لئے پروفیسر محمد اطہر انصاری اور پروفیسر عظمیٰ ارم کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ