ٹیک بِرج 2026 کا اہتمام، توانائی، غذا اور صنعت کے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال
ٹیک بِرج 2026 کا اہتمام، توانائی، غذا اور صنعت کے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال علی گڑھ، 04 مئی (ہ س)۔ شعبہ پیٹرولیم اسٹڈیز کے تحت سوسائٹی آف پیٹرولیم انجینئرز (ایس پی ای) انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ چیپٹر نے سینٹر فار فوڈ سائنس اینڈٹکنالوجی کے اشتراک سے ”فیو
شعبہ پیٹرولیم پروگرام


ٹیک بِرج 2026 کا اہتمام، توانائی، غذا اور صنعت کے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال

علی گڑھ، 04 مئی (ہ س)۔ شعبہ پیٹرولیم اسٹڈیز کے تحت سوسائٹی آف پیٹرولیم انجینئرز (ایس پی ای) انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ چیپٹر نے سینٹر فار فوڈ سائنس اینڈٹکنالوجی کے اشتراک سے ”فیولنگ دی فیوچر: انرجی، فوڈ اینڈ انڈسٹری ایٹ اے کراس روڈ“ کے موضوع پر ایک قومی سطح کا سمپوزیم ”ٹیک برج 2026“ کے عنوان پر منعقد کیا۔ ٹی پی او کنونشن سینٹر، ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی میں منعقد ہ افتتاحی اجلاس میں کالج کے پرنسپل پروفیسر ایم مزمل، شعبہ پیٹرولیم اسٹڈیز کے چیئرمین ڈاکٹر نجم سردار اور ڈاکٹر محمد دانش، کوآرڈینیٹر، سی ایف ایس ٹی نے خطاب کیا، جبکہ ڈاکٹر افتخار احمد نے کلمات تشکر ادا کئے۔

آن لائن کلیدی خطاب میں ڈاکٹر سراج حسین، سابق یونین سکریٹری، حکومت ہند نے توانائی اور غذا کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالی اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مربوط پالیسی فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر انجان رے، سابق ڈائریکٹر، سی ایس آئی آر - انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پیٹرولیم نے ہندوستان میں توانائی منتقلی کے عمل، بایو اکانومی اور پائیدار حل کے لیے جدت اور سرمایہ کاری کے کردار پر گفتگو کی۔ رشین ہاؤس کے نمائندگان نے بھی توانائی کے شعبے میں بین الاقوامی اشتراک و تعاون کے مواقع پر روشنی ڈالی۔

ڈاکٹر نجم سردار کی نظامت میں ایک پینل مباحثہ بھی منعقد ہوا، جس میں ڈاکٹر انجان رے، ڈاکٹر خوشنود علی اور جناب الطاف حسین نے شرکت کی۔ اس مباحثے میں بایوفیولز، گرین ہائیڈروجن، افرادی قوت کی تبدیلی اور پائیدار ترقی کے لیے پالیسی ہم آہنگی جیسے موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ پروگرام میں طلبہ کے لیے پوسٹر پرزنٹیشن اور مضمون نویسی کے مقابلے بھی شامل تھے۔ اختتامی اجلاس میں ڈاکٹر شیخ ظفر حسن، فیکلٹی ایڈوائزر، ایس پی ای اسٹوڈنٹ چیپٹر نے جیوری ممبران ڈاکٹر معینہ اطہر، ڈاکٹر افتخار احمد اور مس صدف احمد کے ہمراہ کامیاب طلبہ کو انعامات سے نوازا۔

ڈاکٹر شیخ ظفر حسن، فیکلٹی ایڈوائزر، اور مسٹر محمد کیف صدیقی، صدر، ایس پی ای اسٹوڈنٹ چیپٹر نے طلبہ کی فعال شرکت کو سراہا اور بین شعبہ جاتی تعلیم اور جدت میں مسلسل دلچسپی برقرار رکھنے کی حوصلہ افزائی کی۔

ہندوستھان سماچار

--------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande