
حیدرآباد ، 3 مئی (ہ س) ۔
حج بیت اللہ کی ادائیگی کے لئے حج کمیٹی کے توسط روانہ ہونے والے عازمین حج 24 گھنٹے قبل اپنے سفری دستاویزات اورحج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ فراہم کی جانے والی حج کٹ حج ہاؤز سے حاصل کرتے ہوئے 6 گھنٹے قبل حالت احرام میں راست ائیرپورٹ پہنچ سکتے ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا غلام سید افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے کی گئی بات چیت کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ اضلاع کے جوعازمین شہرحیدرآباد میں حج ہاؤز میں قیام کرنے کے خواہشمند ہیں ان کے لئے حج ہاؤز میں خصوصی انتظامات کو یقینی بنایا جاچکا ہے اورممکنہ حد تک انہیں سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مولانا غلام سید افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے بتایا کہ عازمین حج کو احرام باندھنے اور انہیں نیت کروانے کے لئے حج ہاؤزمیں خصوصی انتظام کیاگیا ہے جوکہ مختلف مذہبی رضاکارانہ تنظیموں کی جانب سے خدمات انجام دی جاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حج کمیٹی کے ذریعہ جاریہ سال انہیں کوئی امداد حاصل نہیں ہوئی اورسال گذشتہ ریاستی حکومت کے بجٹ کے حصول میں ہونے والی مشکلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ حج کمیٹی کے بجٹ کوگرین چیانل کے ذریعہ جاری کروانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ صدرنشین حج کمیٹی نے حج ہاؤزسے قافلوں کی روانگی کے سلسلہ میں بتایا کہ عازمین حج جوحج ہاؤزکے روح پرورمناظر اور تلبیہ کی گونج میں روانہ ہونا چاہتے ہیں وہ حج ہاؤز سے روانہ ہوسکتے ہیں جبکہ جو عازمین اپنے افراد خاندان کے ہمراہ راست ائیرپورٹ پہنچنا چاہتے ہیں وہ بھی اپنی خانگی گاڑیوں میں 6 گھنٹے قبل ائیرپورٹ پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب میں نئے قوانین ورہنمایانہ خطوط کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت نے عازمین حج کو پکوان گیاس فراہم نہ کرنے اورپکوان کی سہولت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی لئے عازمین حج کو کسی بھی طرح کے چولہے یا راشن ‘ اجناس ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ انہیں بہر صورت دوران حج کھانا خرید کرہی کھانا ہے اور دوسرا کوئی راستہ نہیں ہے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق